بڑھتے ہوئے متوسط طبقے، لبرل پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے پرکشش کے مواقع کے باعث پاکستان کاروبار کیلئے موزوں ملک ہے

عالمی تاجر بردری اور سرمایہ کار طبقہ حکومت کی کاروباری اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا چار روزہ ایمرجنگ پاکستان بین الاقوامی نمائش سے خطاب

جمعہ 10 نومبر 2017 00:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے متوسط طبقے، لبرل پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے پرکشش کے مواقع کے باعث پاکستان کاروبار کیلئے موزوں ملک ہے۔ انہوں نے عالمی تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ حکومت کی کاروباری اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔

جمعرات کو یہاں چار روزہ ایمرجنگ پاکستان بین الاقوامی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیر زبانوں، مختلف ثقافتوں، بلند ترین پہاڑوں، بڑے صحرائوں پر مشتمل ملک ہے جو سرمایہ کاروں کو بے پناہ موافع پیش کرتا ہے۔ اس نمائش کا اہتمام وزارت تجارت نے کیا تھا، جس میں مختلف براعظموں اور خطوں کے 85 ممالک سے کمپنیوں اور تاجروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 20 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ملک ہے، جس کی صارفین کی شرح نمو 8.3 فیصد ہے اور آئندہ چند سال میں اس ملک میں 10 کروڑ سے زائد افراد کا تعلق مڈل کلاس تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیاں اور سرمایہ کار بلند شرح منافع حاصل کر رہے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں اور ہم آپ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ آپ سب پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھیں گے جس طرح دوسرے سمجھتے ہیں۔ پاکستان کو درپیش مسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑی ہے اور اس میں کامیابی حاصل کی ہے، بدقسمتی سے دوسرے اس میں ناکام رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان کی عظیم قربانیوں اور کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملکی تاریخ کی انفرادیت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں مستحکم جمہوریت اور فعال میڈیا ہے۔ انہوں نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ میٹرو پولیٹن شہر جو گزشتہ چند سال کے دوران دنیا کے دس خطرناک شہروں میں شمار ہوتا تھا، اب نیویارک کی طرح محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پائیدار پالیسیاں وضع کی ہیں اور حکومت کی تبدیلی کے ساتھ یہ پالیسیاں تبدیل کی گئیں۔

وزیراعظم نے ایکسپو کا اہتمام کرنے پر وزارت تجارت کا شکریہ ادا کیا، جس سے غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان میں آنے اور سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں جاننے کا موقع ملا۔ انہوں نے ایکسپو کراچی کے انعقاد میں سندھ حکومت کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ جو بھی حکومت ہو، پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔