Live Updates

سپریم کورٹ پر حملے کے وقت نوازشریف سے کسی نے نہ پوچھا ، وقت بدل چکا اور حساب کی کتاب کھل چکی ،اب ان کو حساب دینا ہوگا،عمران خان

قبل از وقت انتخابات کیلئے ضرورت سے زیادہ پرجوش ہیں ،ان کو سمجھ ہی نہیں کہ قبل از وقت تو ایک طرف ابھی تو بر وقت انتخابات کیلئے بہت کچھ کرنا باقی ہے ، انتخابات اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہونے چاہئیں، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی خورشید احمد شاہ کا بیان

جمعرات 9 نومبر 2017 21:50

سپریم کورٹ پر حملے کے وقت نوازشریف سے کسی نے نہ پوچھا ، وقت بدل چکا  ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2017ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا مگر ان کو کسی نے نہ پوچھا مگر اب وقت بدل چکا اور حساب کی کتاب کھل چکی ،اب انہیں حساب دینا ہوگا،عمران خان قبل از وقت انتخابات کیلئے ضرورت سے زیادہ پرجوش ہیں ،ان کو اس بات کی سمجھ ہی نہیں کہ قبل از وقت تو ایک طرف ابھی تو بر وقت انتخابات کیلئے بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ، ہمارا اصولی موقف یہی ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہونے چاہئیں،پیپلز پارٹی کی سیاست ملک اور عوام کیلئے ہے اس لئے ہم اقتدار کیلئے کسی شارٹ کٹ کی بجائے عوامی مفاد کی دوررس پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہیں،اعلی عدلیہ نے صفائی کا پورا موقع دینے کے بعدجب ان لوگوں کو پکڑا ہے تو ان کی چیخ و پکار شروع ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان قبل از وقت انتخابات کیلئے ضرورت سے زیادہ پرجوش ہیں اور یہ مطالبہ ہر روز دہراتے رہتے ہیں۔ لیکن انہیں اس بات کی سمجھ ہی نہیں کہ قبل از وقت تو ایک طرف ابھی تو بر وقت انتخابات کیلئے بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم تکنیکی معاملات کی بات نہ بھی کریں پھر بھی ہمارا اصولی موقف یہی ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی سیاست ملک اور عوام کیلئے ہے اس لئے ہم اقتدار کیلئے کسی شارٹ کٹ کی بجائے عوامی مفاد کی دوررس پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اب شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ احتساب کا نظام ختم ہو چکا اور اربوں کی کرپشن کرنے والوں کو کوئی نہیں پوچھ رہا۔ مگر جب یکطرفہ احتساب کا نشانہ صرف اور صرف پیپلز پارٹی بن رہی تھی اور ہمارے لوگوں کی پکڑ دھکڑ میں وفاقی ادارے پیش پیش تھے تو ہماری بات سننے والا کوئی نہیں تھا۔

لیکن اب جبکہ کچھ لوگوں کو ملک کی اعلی عدلیہ نے صفائی کا پورا موقع دینے کے بعد پکڑا ہے تو ان کی چیخ و پکار شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب شور مچانے سے کچھ نہیں ہوگا اور جہاں تک آصف علی زرداری کی بات ہے تو وہ پاکستان کے واحد سیاست دان ہیں جنہوں نے مسلم لیگ نواز کی حکومتوں کے بنائے ہوئے جھوٹے مقدمات پر بغیر کسی جرم کے بارہ سال قید کاٹی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد پارٹی ہے جس نے نہ صرف ملک کو آئین دیا بلکہ جمہوریت اور آئین کی سربلندی کیلئے جیلیں کاٹی، کوڑے کھائے اور جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آج شہباز شریف یہ باتیں کررہے ہیں جبکہ ایک جج کیساتھ ان کی ملی بھگت کی گفتگو کی گونج پورے ملک نے سن رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو ان کی ایسی چالوں کو چمک کا کمال کہتی تھیں اور کمال تو یہ ہے کہ انہوں نے سپریم کورٹ پہ حملہ کیا مگر ان کو کسی نے نہ پوچھا مگر اب وقت بدل چکا ہے اور حساب کی کتاب کھل چکی ہے اور آب انہیں حساب دینا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات