جج صحت مند ہوگا تو صحت مند فیصلے آئیں گے،جسٹس چوہدری انوار احمد خان

جمعرات 9 نومبر 2017 21:30

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2017ء)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری انوار احمد خان نے جمعرات کے روز بتایا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ کا یہ ویژن ہے کہ جج صحت مند ہوگا تو صحت مند فیصلے آئیں گے۔ جس کے نتیجے میں عوام میں اطمینان ہوگا اور عوام پر عدلیہ کا اعتماد بھی مضبوط ہوگا وہ پانچ لاکھ روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے ہیلتھ کلب کی افتتاحی تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلم بھٹی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج احمد کامران، سینئر سول جج میڈم سائرہ نورین ، سینئر سول جج افضال احمد ثاقب اور دیگر جج بھی موجود تھے۔ میڈم سینئر سول جج سائرہ نورین نے بتایا کہ جج صاحبان کیلئے پرائیویٹ جگہوں پر جانا مناسب نہیں تھا جس کی وجہ سے چیف جسٹس کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ہیلتھ کلب قائم کیا گیا ہے جہاں پر ورزش اور دیگر ایکسرسائز کی سہولیات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

سیشن جج چوہدری انوار احمد خان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کی ہدایت پر ہر ضلع میں ہیلتھ کلب اور جمنازیم قائم کیے جا رہے ہیںپہلے خواتین سول جج صاحبان کوگاڑیاں دی گئیں۔ جبکہ باقی سول ججوں کو بھی گاڑیاں دے دی گئی ہیں لہٰذا یقینی طور پر ان اقدامات سے نہ صرف عدلیہ کا وقار بلند ہوگا بلکہ عوام کو بھی انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ بعد ازاں سیشن جج انوار احمد خان نے ہیلتھ کلب کی نقاب کشائی کی اور اس موقع پر سول جج نے خصوصی دعا کروائی۔