وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس ماروی میمن کا دیا میر کا دورہ‘ مقامی معززین اور بی آئی ایس پی مستحقین سے ملاقاتیں

بی آئی ایس پی کا بنیادی مقصد غربت کے خاتمے کیساتھ ساتھ خواتین کو بلاخوف انکے حقوق کیلئے کھڑے ہونے کا اہل بنانا ہے‘ ماروی میمن

جمعرات 9 نومبر 2017 20:58

وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس ماروی میمن کا دیا میر کا دورہ‘ مقامی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ایم این اے ماروی میمن نے دیا میر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بی آئی ایس پی بینیفشری کمیٹیوں(بی بی سیز)کو مستحکم کرنے اور انکی تعداد میں اضافے پر تبادلہ خیال کیلئے مقامی معززین اور بی آئی ایس پی مستحقین سے ملاقاتیں کیں۔ بی بی سیز کا بچوں کے سکولوں میں اندارج اور خواتین کی بااختیاری میں اہم کردار ہے۔

بی آئی ایس پی گلگت بلتستان میں 45,408بچوں کا سکولوں میں اندارج کرچکا ہے جن میں 18,821 بچے بلتستان، 13,877 دیامیر اور 12,710 بچے گلگت کے سکولوں میں داخل ہیں۔ بلتستان میں 491، گلگت میں 301اور دیا میر میں 41بی بی سیز موجود ہیں۔ بی بی سی 25-30خواتین پر مشتمل ایک گروپ ہے جو خواتین کو درپیش مسائل پربات چیت کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر ملتا ہے اور اس پلیٹ فارم کے تحت خواتین کو غذائیت، صحت، بنیادی حساب کتاب، خواتین کے حقوق اور کاروباری صلاحیتوں سے متعلق معاملات پر رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

مستحقین سے گفتگو کرتے ہوئے، ماروی میمن نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا بنیادی مقصد غربت کے خاتمے کیساتھ ساتھ خواتین کو بلاخوف انکے حقوق کیلئے کھڑے ہونے کا اہل بنانا ہے۔ بی آئی ایس پی نے بی آئی ایس پی بینیفشری کمیٹیوں(BBCs)کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے سماجی تحریک اور مالی خواندگی کے ذریعے اپنے خواتین کے بااختیاری کے سفر کو یقینی بنایا ہے۔

یہ بی بی سیز اسلام میں خواتین کے حقوق پر آگاہی فراہم کرتے ہوئے خواتین کی بااختیاری کا انقلاب لارہی ہیں۔دیا میر کی خواتین کو ایک بااختیار مستقبل کے حصول کیلئے آگے بڑھ کر اس پلیٹ فارم کو استعمال کرنا چاہیئے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے انہیں بتایا کہ بی آئی ایس کی مالی معاونت کو بچوں کی تعلیم، خوراک اور ورزمرہ کی ضروریات پر خرچ کیا جائے۔

مستحقین کو اس وظیفے کے عقلمندانہ استعمال ، بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے، انکو غذائیت سے بھرپور خوراک فراہم کرنے اور بچوں کو ماں کا دودھ پلانے کیساتھ اپنے گھرانے کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنے اور اور اپنی اہمیت کا احساس کرنا چاہیئے۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، غذائی قلت اور خواتین کی نقل حمل کے حوالے سے بی آئی ایس پی کا کردار قابل تعریف ہے کیونکہ بی آئی ایس پی تعلیم کی فراہمی، غذائیت سے بھرپور خوراک اور بی آئی ایس پی خاندانوں کیلئے بہتر زندگی کے حصول کو یقینی بناتا ہے۔

بعد ازاں، انہوں نے معززین علاقہ کیساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عبدالوحید، ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ، مولانا محمد دین، مولانا فرمان ولی اور دیگر نے شرکت کی۔ ان سے بات چیت کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ بزرگوں کو علاقے کی خواتین کی بااختیاری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ اسلام میں خواتین کی بہت عزت ہے کیونکہ ان خواتین پر آنے والی نسلوں کو پروان چڑھانے کی ذمہ دار عائد ہوتی ہیں۔

بی آئی ایس پی خواتین پر خاص توجہ مرکوز کرتا ہے اور ان کو بااختیار بنانے سے ہم خواتین کو عزت اور وقار دیتے ہوئے اسلامی ذمہ داری کو پورا کررہے ہیں۔ انہوں نے این ایس ای آراپڈیٹ کیلئے کئے جانے والے ملک گیر سروے کے دوران سروے ٹیموں کو تعاون فراہم کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ معززین علاقہ کو ہر گھرانہ رجسٹر کرانے کیلئے تعاون کرنا چاہیئے تاکہ کوئی مستحق گھرانہ سروے ہونے سے نہ رہ جائے۔

متعلقہ عنوان :