کوئٹہ ایئر پورٹ روڈ پر خود کش بم دھماکہ پر سربراہ ایم کیوایم ڈاکٹر محمد فاروق ستار کااظہار مذمت

کوئٹہ میں خود کش بم دھماکہ میں ملوث سفاک دہشت گرد ملک کی سا لمیت کے کھلے دشمن ہیں، ڈاکٹر محمد فاروق ستار

جمعرات 9 نومبر 2017 20:47

کوئٹہ ایئر پورٹ روڈ پر خود کش بم دھماکہ پر سربراہ ایم کیوایم ڈاکٹر محمد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کوئٹہ میںایئر پورٹ روڈ پر خود کش دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میںمذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں ایس ایس پی موٹر ٹریفک حامد شکیل درانی سمیت 2اہلکاروں کے شہادت اور 6افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

ایک بیان میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ کوئٹہ میںخود کش بم دھماکہ میں ملوث سفاک دہشت گرد ملک کی سا لمیت کے کھلے دشمن ہیں اور ملک میں دہشت گردی کے اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما پاک فوج ، سیکورٹی ادارے اور پولیس و انتظامیہ جس جواں مردی سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں اور اپنی جانیں قربان کررہے ہیں وہ ہی ملک و قوم کے تحفظ کے نگہباں ہیں اور انشاء اللہ تعالیٰ دہشت گردی کے خلاف جانے دینے والوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور ملک و قوم دہشت گردی کے عفریت سے پاک ہوجائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے خود کش بم دھماکہ میں جام شہادت نوش کرنے والے ایس ایس پی موٹر ٹریفک حامد شکیل درانی سمیت دو اہلکاروں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ ایئر پورٹ روڈ پر دہشت گردی کے بد ترین واقعہ کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث سفاک عناصر کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔