پاکستان صادق و امین قیادت نے بنایا، بدعنوانوں نے برباد کیا‘ ڈاکٹر طاہر القادری

یوم اقبال کی چھٹی منسوخ کرنے والے حکمرانوں کی اپنی چھٹی ہونے والی ہے‘ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر حسین محی الدین نے ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے مزار اقبالؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی

جمعرات 9 نومبر 2017 17:36

پاکستان صادق و امین قیادت نے بنایا، بدعنوانوں نے برباد کیا‘ ڈاکٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان صادق و امین قیادت نے بنایا، بدعنوانوں اور نا اہلوںنے برباد کیا،یوم اقبال کی چھٹی منسوخ کرنے والے حکمرانوں کی اپنی چھٹی ہونیوالی ہے،علامہ اقبال ؒکی فکر سے بغض رکھنے والا کرپٹ ٹولہ آئندہ نسلوں کو فکر اقبال ؒ سے لا تعلق رکھنا چاہتا ہے ۔

انہوں نے حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے 140 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکیم الامت جیسی ہستیاں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں ۔ پاکستان شاعر مشرق کے خوابوں کی عملی تعبیر ہے۔ جو ہستیاں آئندہ نسلوں اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے جیتی ہیں اس دنیا سے پردہ کرجانے کے بعد بھی وہ زندہ و جاوید رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

سچے اور کھرے رہنما صرف منزل کا پتہ نہیں بتاتے بلکہ منزل تک پہنچاتے ہیں۔

حکیم الامت نے برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کا حق ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو علامہ اقبالؒ اور قائداعظم کی امنگوں کے مطابق اسلامی ، جمہوری ،فلاحی مملکت بنانے کے لیے قائد و اقبال ؒ کی فکر پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنر کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے یوم اقبال ؒ کے موقع پر مزار اقبال ؒ پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری،کرنل(ر) محمد احمد ،ڈاکٹر نادر بخش،فیاض وڑائچ،سہیل رضا ،نور اللہ صدیقی و دیگر رہنما موجود تھے ۔اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ انسانیت کیلئے جینے والوں کی قبروں کو بھی اللہ نے آباد کر دیا ،حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ اللہ کے برگزید اور انعام یافتہ بندے تھے جن کی ساری عمر قرآن و سنت کی فکر اور عشق مصطفی ؐ کے ترانے گاتے ہوئے بسر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اقبال ؒ کی فکر عزت،غیرت اور جرات کے ساتھ زندگی گزارنے کے اسباق سے مزین ہے۔