سید خورشید احمد شاہ سے پاکستان سٹیل مل کی جوا ئنٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے 52 رکنی وفد کی ملاقات

مطالبات اور پاکستان سٹیل مل کراچی کے حالت زار سے آگاہ کیا پیپلز پارٹی غریبوں اور محنت کشوں کا استحصال نہیں ہونے دیگی، ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے،اپوزیشن لیڈر

منگل 7 نومبر 2017 22:01

سید خورشید احمد شاہ سے پاکستان سٹیل مل کی جوا ئنٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2017ء) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ سے منگل کو پاکستان سٹیل مل کی جوا ئینٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے 52 رکنی وفد نے نعیم الحق کنوینر اور یاسین جامرو جنرل سیکرٹری کی قیادت میں ملاقات کی اور ان کو اپنے مطالبات اور پاکستان سٹیل مل کراچی کے حالت زار سے اگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ کراچی سٹیل مل شدید مالی بدحالی کا شکار ہے اور نہ صرف یہ کہ ملازمین کا معاشی قتل ہورہا بلکہ وہ علاج معالجے کی سہولتوں سی بھی مکمل محروم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سٹیل مل اب پیداواری صلاحیت سے محروم ہے اور اگر حکومت دلچسپی لے تو سٹیل مل کے ہنر مند اپنی محنت سے اسے دوبارہ بحال کرکے نفع بخش ادارہ بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے اس موقع پر وفد کو بتایا کہ پیپلز پارٹی غریبوں، مزدوروں اور محنت کشوں کی جماعت ہے اور وہ سٹیل مل کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ سٹیل مل کے ورکروں کو مالی استحصال سے بچایا جائے اور حکومت کو مہنگائی کے اس زمانے میں ان کے خاندانوں کے معاشی قتل سے روکا جائے۔

بعد ازاں اپوزیشن لیڈر نے ٹیلی فون انڈسٹری ہری پور کے سینکڑوں ورکروں سے اعجاز علی خان درانی سابق منسٹر کے پی کے کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر سید نیّر حسین بخاری اور ہمایوں خان صدر پی پی پی کے پی کے بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ملازمین کی تنخواہیں اور پنشنروں کی پنشن ڈبل کردیں گی اور ہم نے اقتدار میں آکر محترمہ کا یہ وعدہ پورا کردیا اور اس کے علاوہ لاکھوں ملازمین کو ریگولر کیا اور جن ملازمین کو سیاسی بنیادوں پر ملازمت سے نکالا گیا تھا ہم نے انہیں ملازمتوں پر دوبارہ بحال بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام بھی غریبوں کی براہ راست مالی مدد کا کامیاب ترین پروگرام ہے جسے پیپلز پارٹی نے شروع کیا اور لاکھوں مستحقین کیلئے مالی امداد ان کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں اور محنت کشوں کا استحصال نہیں ہونے دے گے اور وہ ٹیلی فون انڈسٹری اف پاکستان کے ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر اواز بلند کریں گے۔