کے الیکٹرک نے روزی گوٹھ سرجانی ٹاون میںبجلی کی فراہمی مزید بہتر بنادی

منگل 7 نومبر 2017 21:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2017ء) کے الیکٹرک نے سرجانی ٹاؤن کے علاقے روزی گوٹھ میںچھ پی ایم ٹیز سمیت دیگر ضروری انفراسٹرکچر نصب کر کے 400گھروں کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی ہے۔حال ہی میں بجلی کی فراہمی مزیدبہتر بنانے کے موقع پرایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقہ مکینوں سمیت کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اس سے قبل روزی گوٹھ کے علاقے میںکنڈوںکی تعداد اوربجلی چوری کی شرح بہت زیادہ تھی جو اطراف کے علاقوں میں فالٹس اور ٹرپنگ کے باعث بنتے تھے۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے صارفین کو کم قیمت کنکشنوں کے ذریعے بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی کے علاوہ ارد گرد کے علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کو بھی مزیدبہتر بنایا گیا ہے ۔اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ روزی گوٹھ کے علاقے میں ایریل بنڈلڈ کیبل کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس پروجیکٹ پرعلاقے کے مکینوں کے تعاون سے 66ملین روپے لاگت آئی ہے۔

(جاری ہے)

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’ہمارا مقصد بجلی کی چوری کے خاتمے کے ساتھ اپنے کسٹمرز کے لیے قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا ہے جس سے ہمیں کراچی کو لوڈ شیڈ فری بنانے کے ویژن کو حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ہم علاقے کے لوگوں کے شکرگزار ہیں جن کے تعاون سے یہ پروجیکٹ وقت پرمکمل ہوا۔‘‘تقریب کے دوران کے الیکٹرک کی ٹیم نے پروجیکٹ پر مؤثرعمل درآمد کے لیے روزی گوٹھ کے مکینوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ کے الیکٹرک نے متعدد دیگر علاقوں میں بھی ایسے ہی پروجیکٹس کامیابی سے مکمل کیے ہیں جن میں قلندرآباد، مغل ہزارہ گوٹھ، جونیجو ٹاؤن اور چشتی نگر کے علاقے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :