شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی نے نیب میں بغیر پروٹوکول پیش ہوکرتاریخی مثال پیش کی‘ظہیرالدین خاں

نواز شریف کا نااہل ہونے کے باوجود پروٹوکول کے ساتھ نیب میں پیش ہونا قومی خزانہ پر بوجھ ہے‘جنرل سکرٹری (ق) لیگ پنجاب

منگل 7 نومبر 2017 13:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 نومبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) پنجاب کے جنرل سیکرٹری و سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی چوہدری ظہیرالدین خاں نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین ،چوہدری پرویز الٰہی نے نیب میں اپنے خلاف پرانے کیسوں میںبغیر پروٹوکول پیش ہوکر تاریخی مثال پیش کی حالانہ چوہدری شجاعت حسین سابق وزیراعظم پاکستان اور چوہدری پرویز الٰہی سابق ڈپٹی وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدوں پر فائز رہنے کے ساتھ ساتھ موجودہ ایم این اے بھی ہیں ،انہوںنے نیب میںسادگی سے پیش ہوکر سیاستدانوں کے لیے ایک مثال قائم کردی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ظہیرالدین خاں نے کہا کہ نواز شریف وزارت عظمیٰ سے نااہل ہونے کے باوجود درجنوں گاڑیوں کے جھرمٹ میں پورے جاہ و جلال کے ساتھ احتساب عدالت پر اثر انداز ہونے کیلئے نیب میں اپنے خلاف کیسوں میں پیش ہوتے ہیںجو قومی خزانے پر بوجھ ہے شریف برادران اپنے خلاف کیسوں پر نیب ،احتساب عدالتوں اور سپریم کورٹ کے خلاف بھی ہرزہ سرائیوں میں بھی مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں کھلے عام کہا ہے کہ ہمارے دامن صاف ہیں سیاستدانوں کے احتساب کا سلسلہ ہم سے شروع کیا جائے ۔انہوںنے پاکستان مسلم لیگ کے راہنمائوںکو اس سے قبل بھی جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا جاتا رہا ہے جس میں وہ باعزت طور پر بری ہوئے ہیں ان کے خلاف جھوٹے کیسوں میں اب بھی کچھ نہیں نکلے گا۔