این اے 46 فاٹاسے کامیاب قراردیئے گئے امیدوار ناصر خان کی کامیابی کے خلاف حمید اللہ جان کی اپیل خارج

پیر 6 نومبر 2017 21:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء)سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46 فاٹاسے کامیاب قراردیئے گئے امیدوار ناصر خان کی کامیابی کے خلاف حمید اللہ جان کی اپیل خارج کردی ہے ،پیر کوچیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے در خواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ سابق وفاقی وزیراور مخالف امیدوار حمید اللہ جان نے ناصرخان پراثاثے چھپانے کاالزام لگاکران کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے درخوست گزار کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات سر پر ہیں آپ ہم سے کیا ریلیف چاہتے ہیں، جس پرفاضل وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیا گیا ہے اس طرح اس کیس میں بھی فیصلہ دے کرجواب گزار کونااہل قراردیا جائے ،چیف جسٹس نے ان سے کہاکہ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت کسی عوامی نمائندے کی نااہلی کیلئے معقول وجہ ہونی چاہیے، جس کے بغیر کسی کو نااہل قرار نہیں دیاجا سکتا ، بعد ازاں عدالت نے سابق وفاقی وزیرکی درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ کہاکہ درخواست گزار ہائیکورٹ میں الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہنے کے ساتھ سپریم کورٹ کو بھی مطمئن نہیں کرسکا۔