وزیر اعلی سندھ کی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ درگاہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی پر حاضری چادر چڑہائی

سندھ صوفیوں کی سر زمین ہے، یہاں چاروں طرف صوفیاء کرام کی درگاہیں موجود ہیں، یہ ہمیشہ سے پیار محبت دینے والی دھرتی رہی ہے مگر مجھے افسوس ہے کہ شاید اس دھرتی کو بھی نظر لگ گئی ہے ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ

پیر 6 نومبر 2017 21:23

وزیر اعلی سندھ کی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ درگاہ حضرت شاہ عبداللطیف ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ درگاہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی پر حاضری دی اور چادر چڑہائی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی صوفیوں کی دھرتی ہے، یہ پیار محبت کی دھرتی ہے، یہاں چاروں طرف صوفیاء کرام کی درگاہیں موجود ہیں، یہ ہمیشہ سے پیار محبت دینے والی دھرتی رہی ہے مگر مجھے افسوس ہے کہ شاید اس دھرتی کو بھی نظر لگ گئی ہے اور یہ نظر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بعد کے دور سے شروع ہوئی، جب صوفیوں کے پیغام سے نفرت کرنے والے لوگ حکومتوں پر قابض ہوگئے اور انہوں نے ہمارے صوفیوں کی جانب سے دیئے جانے والے درس کو بھلا دیا، انہوں نے کہا کہ سیوہن شریف دھماکے کے واقعے کے بعد بھی ہم نے صوفیاء کرام کے سبق پر عمل کرتے ہوئے بھائی چارے اور امن و امان کی فضا قائم رکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے پارٹی لیڈر بلاول بھٹو زرداری خود بھی صوفیاء کرام کی تعلیمات پر یقین رکھتے ہیں اور ان ہی کی جانب سے ہمیں ہدایت ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صوبہ سندھ کو پیار محبت کرنے والا صوبہ بنانا ہے اور سندھ کو ایسی دھرتی بنانا ہے کہ انسان دشمن لوگ بھی خود ہی سمجھ جائیں کہ وہ یہاں کسی کو متاثر نہیں کرسکتے۔وزیراعلی سندھ نے محکمہ ثقافت کے صوبائی وزیر اور ان کی ٹیم کی کلچرل کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تھوڑے عرصے میں محکمہ ثقافت میں مثبت تبدیلی نظر آئی ہے جس سے ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے۔