پی ایم ڈی سی کی جانب سے ایم فل فزیولوجی کی ڈگری رجسٹرڈ نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست

لاہور ہائی کورٹ نے پی ایم ڈی سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا

پیر 6 نومبر 2017 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2017ء)لاہورہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی کی جانب سے ایم فل فزیولوجی کی ڈگری رجسٹرڈ نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پی ایم ڈی سی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ڈاکٹر محمد آصف کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ حسن مجید نے دلائل دیئے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 2012 میں ایم فل فزیولوجی کی ڈگری پاس کی.پی ایم ڈی سی کی جانب سے ڈگری کی رجسٹریشن نہیں کی جا رہی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈگری رجسٹر نہ ہونے سے گریڈ 18 میں ترقی التوا کا شکار ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت پی ایم ڈی سی کو ڈگری رجسٹر کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔