افسران نفسیاتی امور میں زیادہ سے زیادہ مہارت حاصل کریں،آر پی اوگوجرانوالہ

پیر 6 نومبر 2017 21:19

گوجرانوالہ۔6 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء)ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ تفتیشی افسران نفسیاتی امور میں زیادہ سے زیادہ مہارت حاصل کریں تا کہ جرائم پیشہ عناصر کی نفسیات اور ان کے طریقہ واردات کو سمجھنے میں آسانی ہو، ان خیالات کا اظہارانہوں نے آر پی او آفس میں منعقدہ دہشت گردی مقدمات کی تفتیش بارے تین روزہ تفتیشی ٹریننگ کورس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کورس میںریجن بھر سے 19انسپکٹرز نے شرکت کی جن میں گوجرانوالہ کی6،سیالکوٹ کی4،گجرات کی5،نارووال سے ایک،منڈی بہاؤالدین سے ایک،حافظ آباد سے ایک اور ریجنل انویسٹی گیشن برانچ سے ایک انسپکٹرشامل ہے،اس موقع پرڈی ایس پی لیگل صفدر ہنجرا اور پولیس ترجمان عامر وسیم بھی موجود تھے ،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈ ی ایس پی لیگل صفدر ہنجرا نے کہا کہ یہ کورس ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری کے احکامات کے تحت منعقد کروایا گیاہے جس کا مقصد تفتیشی افسروں کو تفتیش کے جدید امور سے آگا ہ کرنا اور ان کی استعداد کار میں بہتری پیدا کرنا ہے ،تین روزہ ورکشاپ میں سپیشل انویسٹی گیشن کنسلٹنٹ اسلام آباد عبدالرحمن،ریجن انچارج کرائم سین یونٹ محمد نثار ، ایس پی ریٹائرڈ جاوید وڑائچ ،پراسیکیوشن برانچ سے رانا سلطان صلاح الدین اور چودھری طارق عنایت نے تفتیشی افسران کو لیکچر دیے ، ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ تفتیشی افسران اپنی فیلڈ میں مہارت حاصل کرنے کیلئے پولیس رولز ، قانون شہادت، تعزیرات پاکستان اور ضابطہ فوجداری کا وسیع مطالعہ کریں ،علاوہ ازیں تفتیشی افسر کو ملکی قوانین سے آگاہی کے ساتھ ساتھ عدالتوں اور جیل حکام سے بھی شناسائی ہونی چاہیے،انہوں نے کہا کہ سب سے بڑھ کر ضروری بات یہ ہے کہ تفتیشی افسر ایماندار ی اور دیانتداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کرے اور اللہ کی رضاکیلئے انصاف کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے ۔