آبپاش علاقوں کے لئے گندم کی سفارش کردہ اقسام کو وقت کے مطابق کاشت کیا جائے،ترجمان محکمہ زراعت

پیر 6 نومبر 2017 20:46

لاہور۔6 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ آبپاش علاقوں کیلئے گندم کی منظور شدہ اقسام لاثانی 2008، فیصل آباد 2008، پنجاب 2011، آری 2011، این اے آر سی 2011، آس2011، ملت2011، گلیکسی 2013، اجالا 2016، بورلاگ2016، جوہر 2016، گولڈ2016اور این این گندم1- کاشت کے لیے سفارش کی گئی ہیں۔ اچھی اور بہتر پیداوار کے حصول کے لیے منظور شدہ اقسام کے صاف ستھرے ، صحت مند اور بیماریوں سے پاک بیج کا درجہ پہلے نمبر پر ہے۔

گندم کی منظور شدہ اقسام کا بیج پنجاب سیڈ کارپوریشن کے ڈیلر سے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ اگر کوئی کاشتکار گھر کا بیج استعمال کرنا چا ہے تو محکمہ زراعت (توسیع) پنجاب کے زراعت آفیسر کے مقامی دفاتر میں موجود سیڈ گریڈر کی مفت سہولت سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے تاکہ گھرکے بیج کی گریڈنگ کر کے گندم کی فصل کاشت کی جائے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت نے مختلف آبپاش علاقوں کے لئے گندم کی درج بالا ترقی دادہ اقسام بوائی کے لئے منظور کی ہیں۔

بہتر پیداوار کے حصول کے لئے انہی ا قسام کو سفارش کردہ وقت کے مطابق کاشت کیا جائے،ترجمان نے مزید کہا کہ نیز بیج کے اگائو کی شرح85 فیصد سے کم نہ ہو بصورت دیگر شرح بیج میں مناسب اضافہ کر لیا جائے۔گندم کی فصل سے بہتر پیداوار لینے کے لئے اس کی کاشت کا موزوں ترین وقت 20نومبرتک ہے۔ محکمہ زراعت(توسیع اور اڈاپٹیو ریسرچ )کی تحقیق کے مطابق 20نومبر کے بعد کاشت کی گئی فصل میں ہر روز تقریباًً ایک فیصد کے حساب سی(15تا20کلوگرام فی ایکڑ) پیداوار میں کمی آنا شروع ہوجاتی ہے۔