ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر منتقل کیا جائے۔غیاث عبداللہ

پیر 6 نومبر 2017 20:46

لاہور۔6 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے سابق مرکزی چیئرمین غیاث عبداللہ پراچہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے جس میں کمی کیلئے پنجاب میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو دوبارہ سی این جی پر منتقل کیا جائے، غیاث پراچہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی سمیت دنیا کے متعدد ممالک کے بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر چلایا جا رہا ہے اور پاکستان میں بھی یہ تجربہ کیا جا سکتا ہے، لاہور میں 2012 ء سے پہلے سموگ کی صورتحال اتنی تشویشناک نہ تھی مگر سی این جی کی بندش سے پٹرول اور ڈیزل کی کھپت بڑھی جس سے آئل امپورٹ بل اور ماحولیاتی آلودگی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر منتقل کرنے سے آلودگی میں کمی واقع ہو گی، حکومت کی ایل این جی پالیسی کی وجہ سے ملک بھر میںسی این جی کی کمی دور ہو گئی ہے اسلئے تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو سی این جی پر منتقل کیا جائے جس سے آلودگی میں اٹھائیس فیصد تک کمی آ سکتی ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ آلودگی کی وجوہات میں پاکستان اور بھارت میں فصلوں کی کٹائی کے بعد گھاس پھونس جلانے کا رجحان، لاہور کے میگا پراجیکٹس کیلئے درختوں کے بے دریغ کٹائی، بھٹوں اور کارخانوں میں ربڑ کے ٹائر جلا کر توانائی کی ضرورت پوری کرنا،فیکٹریوں کا دھواں وغیرہ بھی شامل ہیں جس سلسلہ میں متعلقہ ادارے اپنا فرض ادا کریں، انھوں نے کہا کہ ملک میں جدید ترین سی این جی کٹس روشناس کروا دی گئی ہیں جومزید ماحول دوست ہونے کے علاوہ گاڑیوں کے انجن کیلئے بھی بہتر ہیں جبکہ اسکا فی کلو میٹر خرچ بھی پہلے سے کم ہے۔

متعلقہ عنوان :