قومی اسمبلی نے پمز ہسپتال کو انتظامی طور پر شہید بھٹو یونیورسٹی سے علیحدہ کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا

پیر 6 نومبر 2017 21:17

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) قومی اسمبلی نے پمز ہسپتال کو انتظامی طور پر شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی سے علیحدہ کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کرلیا ہے‘ پمز ہسپتال اس میڈیکل یونیورسٹی کا تدریسی ہسپتال برقرار رہے گا جبکہ اس کا سربراہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہوگا جس کی تقرری سول سرونٹ ایکٹ 1973ء کے تحت ہوگی، وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیکل یونیورسٹی میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے ڈاکٹروں کو واپس نہیں بھیجا جارہا اور نہ ہی میڈیکل یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کی بات ہوئی ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد ایکٹ 2013ء میں ترمیم کرنے کا بل ایوان میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عذرا فضل نے کہا کہ ہر میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ ایک ہسپتال الحاق شدہ ہوتا ہے۔ اس سے ہسپتال کی اپ گریڈیشن ہوتی ہے‘ اہم پروفیسرز جاتے ہیں۔ پوسٹ گریجویٹ طالب علم آجاتے ہیں۔

میجر (ر) طاہر اقبال نے کہا کہ اس بارے میں میرا بل تھا۔ کمیٹی نے اس بل پر کہا تھا کہ یہ بل پاس نہیں ہونا چاہیے۔ سید نوید قمر نے کہا کہ یہ بل کمیٹی میں نہیں بھیھجا گیا اور نہ ہی اس پر کمیٹی کی کوئی رپورٹ آئی۔ عجلت میں اس کو منظور کرانا چاہتے ہیں‘ ایسے قانون سازی نہیں ہوتی۔ یہ بل ایک بار کمیٹی میں گیا تھا اس کو کمیٹی نے مسترد کردیا تھا۔

یونیورسٹی سے ہسپتال الگ کرکے پیچھے کیا بچے گا۔ بغیر کسی ہسپتال کے میڈیکل یونیورسٹی کیسے بنے گی۔ ملازمین کا وہاں مسئلہ ہے یہ ہمیں معلوم ہے۔ اس اقدام سے یونیورسٹی غیر فعال ہو جائے گی۔ اسد عمر نے کہا کہ اس بل کی منظوری میں تاخیر ہو رہی ہے۔ تین سال پہلے یہ بل متعارف ہوا ۔ اس تاخیر سے صورتحال ایسی پیدا ہوئی کہ بات ہڑتال تک پہنچ گئی۔ یونیورسٹی اس بل سے ختم نہیں ہوتی۔

انتظامی کنٹرول الگ ہونے سے یونیورسٹی مزید بہتر ہوگی۔ اس بل پر حکومت‘ ملازمین‘ سنڈیکٹ سمیت ہر ایک راضی ہے اس کو جلد پاس کیا جائے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یونیورسٹی کے نام پر ہسپتال پر قبضہ کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ غازی گلاب جمال نے کہا کہ اسلام آباد کے دونوں حلقوں سے منتخب اراکین بل کی حمایت کر رہے ہیں۔ اس ہسپتال میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے ڈاکٹرز کدھر جائیں گے۔

بل میں یہ شامل کیا جائے کہ اس بل سے ان ملازمین کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر عذرا فضل نے کہا کہ یونیورسٹی میں طالب علموں سے بھاری فیسیں لی جاتی ہیں یہ کہنا درست نہیں کہ اس سے مالی بوجھ بڑھے گا۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ چار سال سے یہ مسئلہ چلا آرہا ہے۔ اب یہ ترمیم آئی ہے۔ جب سے یہ ہسپتال یونیورسٹی سے منسلک تھا اس کی حالت دن بدن خراب ہوتی گئی۔

ملازمین اس کے حق میں نہیں تھے۔ یہاںن سے ڈاکٹروں کو ان کے علاقوں میں نہ بھیجا جائے۔ یہ بل دیرینہ مطالبہ ہے ہم اس کو سراہتے ہیں۔ حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ کشمیر‘ گلگت اور فاٹا سے آنے والے ڈاکٹروں کو تحفظ دیا جائے۔ وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جو باتیں اراکین نے کی ہیں ان میں 80 فیصد حقائق کے خلاف ہیں۔ جب یہ ایکٹ پاس ہوا تو 4 ہزار میں سے صرف 22 لوگ اس یونیورسٹی کے ساتھ گئے۔

اس سے ان کی دلچسپی دکھائی جاسکتی ہے۔ یہ کسی ہسپتال یا یونیورسٹی میں نہیں ہے۔ ہم یہ درست کرنے جارہے ہیں۔ ہسپتال انتظامی طور پر الگ ہوا اور وہ اس کا ٹیچنگ ہسپتال ہو۔ پمز ہسپتال میڈیکل یونیورسٹی کا ٹیچنگ ہسپتال رہے گا۔ اسلام آباد کے واحد میڈیکل کالج کو بھی یونیورسٹی سے ملحق کرنے جارہے ہیں۔ اس وقت اس یونیورسٹی کے ساتھ 5 میڈیکل کالج اور 9 ہزار 800 طالب علم رجسٹرڈ ہیں۔

18 ادارے اس کے ساتھ ہیں۔ 550 اساتذہ یہاں کام کر رہے ہیں۔ دونوں کی ایڈمنسٹریشن الگ الگ ہوگی۔ قائمہ کمیٹی سے یہ بل متفقہ طور پر منظور ہوا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نام تبدیل کرنے کی کسی سطح پر بات نہیں ہوئی۔ ہمارے دل چھوٹے نہیں ہیں۔ کسی ملازم کو واپس نہیں بھیجا جارہا۔ سندھ ہائی کورٹ میں ایک فیصلہ ہوا تھا کہ ضم کئے گئے ملازمین کو واپس اپنے اداروں میں بھیجا جائے۔

اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ اگر اس پر عملدرآمد ہوا تو جو لوگ راولپنڈی سے آئے ہیں وہ بھی نہیں رہیں گے۔ غازی گلاب جمال نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ اس محکمہ اور پروفیشن سے متعلقہ ملازمین پر نہیں تھا۔ شازیہ مری نے کہا کہ کمیٹی کے حوالے سے کوئی اطلاعات نہیں ہیں کہ منظور ہوا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ ہماری ایسی کوئی سوچ نہیں کہ ڈیپوٹیشن پر آئے ملازمین واپس جائیں۔

ملک ابرار نے کہا کہ جو ڈاکٹر یہاں آئے ہیں ان کو یہاں ہی رہنا چاہیے۔ میجر (ر) طاہر اقبال نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ہسپتال میڈیکل کالج میں ضم نہیں ہوا۔ اس کو الگ نہیں کیا جارہا۔ یونیورسٹی کے لئے جگہ مختص ہے۔ یہاں ایک دفتر قائم ہے اس کا اپنا انفراسٹرکچر ہوگا۔ ڈاکٹر طارق فضل نے تحریک پیش کی کہ بل زیر غور لانے کے لئے مذکورہ قواعد کے قاعدہ 122 کی متقضیات سے صرف نظر کیا جائے۔

ایوان نے اس تحریک کی منظوری دے دی۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد ایکٹ 2013ء میں ترمیم کرنے کا بل 2017ء قومی اسمبلی میں پیش کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لانے کی تحریک پیش کی جس کی منظوری کے بعد بل کی شق وار منظوری لی گئی۔ وزیر کیڈ نے بل منظوری کے لئے پیش کیا جس کی ایوان نے منظوری دے دی۔

متعلقہ عنوان :