سموگ نے شہر اقبال کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، شہری سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے

ضلعی حکومت سموگ سے نمٹنے کے لئے فوری لائحہ عمل مرتب کرے ،سیالکوٹ میں دفعہ144کا نفاذ کر کے مضر صحت دھواں بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، انجمن تا جران

پیر 6 نومبر 2017 21:17

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء)ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی سموگ نے شہر اقبال کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ ضلعی حکومت سموگ سے نمٹنے کے لئے فوری لائحہ عمل مرتب کرے اور سیالکوٹ میں دفعہ144کا نفاذ کر کے مضر صحت دھواں بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں سمیت کوڑا کرکٹ کو آگ لگاکر دھواں بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تا کہ خطرنات بیماریوں کا باعث بننے والی سموگ سے چھٹکاراحاصل کیا جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انجمن تاجراں رجسٹرڈسیالکوٹ کے صدر حاجی غلام مجتبیٰ مہر، مرکزی جنرل سیکرٹری حاجی احسان الحق بٹ ، ملک صابر،ملک رزاق ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات عرفان لطیف میر اور دیگر تاجروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انجمن تاجراں سیالکوٹ کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کی طرح سموگ نے شہر اقبال کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔

دراصل سموگ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے پیدا مضر صحت دھند کا دوسرا نام ہے اور پنجاب بھر کے درجنوں اضلاع میں دفعہ144کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے تاکہ مضر صحت دھواں بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہو سکے ۔ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے ، سڑکوں پر دھواں چھوڑتی ٹریفک سمیت ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے دھواں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تا کہ سموگ کے مضر صحت اثرات سے محفوظ رہا جا سکے ۔ سموگ کے خاتمہ کے لئے احتیاطی تدابیرکو اپنانے کی اشد ضرورت ہے