کوہاٹ پولیس نے اسلحہ ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر قبائلی سمگلر کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا

پیر 6 نومبر 2017 21:08

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) کوہاٹ پولیس نے اسلحہ ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر قبائلی سمگلر کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ہے۔اسلحہ ایمونیشن میں کارتوس کی بھاری کھیپ اور پستول شامل ہیں ۔پکڑا گیا اسلحہ قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے کوہاٹ شہر منتقل کیا جارہا تھا۔کاروائی خفیہ اطلاع پر گلشن آباد چیک پوسٹ میں تلاشی کے دوران عمل میں لائی گئی۔

زیر حراست سمگلر کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے جسکے خلاف تھانہ جنگل خیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل قسمت خان کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے انہوں نے پولیس نفری کے ہمراہ گلشن آباد پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے کوہاٹ شہر آنیوالے ایک مشکوک موٹر کار نمبر لاہورLOE-6087کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس نے موٹر کار کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر تین ہزار کارتوس اور تیس بور پستول برآمد کرکے کار سوار اسلحہ سمگلر محمد آیون ولد محمد عالم سکنہ شیراکی درہ آدم خیل کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیا۔ایس ایچ او نے بتایا غیرقانونی اسلحہ ایمونیشن سمیت گرفتار ملزم کو فوری طور پر تھانہ جنگل خیل منتقل کردیا گیا جہاں اسکے خلاف اسلحہ ایمونیشن کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔

ایس ایچ او کے بقول دیسی ساخت کا اسلحہ ایمونیشن قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے کوہاٹ اور بعد ازاں دیگرقبائلی و بندوبستی علاقوں کو سمگل کیا جارہا تھا جسکا گرفتار ملزم نے بھی اعتراف کرلیا ہے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ زیر حراست ملزم کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیشی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا جن سے دوران انٹاروگیشن مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :