کشمیری حق خودارادیت سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے، غلام محمد صفی

کشمیریوں نے آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیںجو رائیگاں نہیں جائیں گی ،جدوجہد آزادی منطقی انجام تک جاری رہے گی، تقریب سے خطاب

پیر 6 نومبر 2017 21:06

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ کشمیری عوم حق خود ارادیت سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق غلام محمد صفی نے سیالکوٹ میںجموں وکشمیر فریڈم مومنٹ کے زیر اہتمام شہداء جموں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیںجو رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جدوجہد آزادی اس کے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ معروف آزادی پسند رہنما اور جموںو کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی ، چوہدری محمد اسحاق، ڈاکٹر زاہد غنی ڈار اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ قرارداد میں دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔