سیاست میں گند ہمیشہ (ن) لیگ نے گھولا ،انکا بے صبرا پن ملکی سیاست میں کوئی بڑا گند کرنے کی نشاندہی کر رہا ہے‘ چوہدری منظور

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اداروں اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کی ‘ مرکزی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی کا خواجہ سعد رفیق کے بیان پر ردعمل

پیر 6 نومبر 2017 21:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے نہیں بلکہ سیاست میں گند ہمیشہ مسلم لیگ (ن) نے گھولا ہے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اداروں اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے چیف کمشنر مردم شماری آصف باجوہ کو گند کرنے کیلئے ہی مدت ملازمت میں دو بار توسیع دی، مردم شماری سے قبل کمشنر مردم شماری کے بھائی طارق باجوہ کو سیکریٹری خزانہ کیا گند کرنے کیلئے لگایا گیا ، طارق باجوہ کو رٹائرمنٹ کے باوجود گورنر سٹیٹ بنک لگا کر مزید کون سا گند کروایا جا رہا ہے ۔

چوہدری منظور نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا بے صبرا پن ملکی سیاست میں کوئی بڑا گند کرنے کی نشاندہی کر رہا ہے، پیپلز پارٹی اس اہم قومی معاملے پر تمام حالات اور واقعات کا جائزہ لے کر ہی کوئی فیصلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے رہنما الفاظ کا چنائو کرنے سے قبل سوچیں کہ کیا لفظ استعمال کر رہے ہیں، ان دونوں جماعتوں کے قائدین جو الفاظ بولتے ہیں کا اطلاق کہیں ان کے اپنے کردار پر ہوتا ہے۔