پاکستان میں جمہوریت کو بدقسمی سے نہیں چلنے دیا جاتا، تسلسل قائم رہے تو پاکستان ایشین ٹائیگر بن سکتا ہے ،مئی 2018 تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کے اہل ہو جائیں گے

وفاقی وزیرداخلہ، منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کی پشاور میں میگا نادرا سنٹر کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے بات چیت

پیر 6 نومبر 2017 20:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء) وفاقی وزیرداخلہ، منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو بدقسمی سے نہیں چلنے دیا جاتا، تسلسل قائم رہے تو پاکستان ایشین ٹائیگر بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا مئی 2018 تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنے کے اہل ہو جائیں گے۔ پیر کو پشاور میں میگا نادرا سنٹر کے افتتاح کے بعدمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت سے قبل دہشتگردی کا دور دورہ تھا، 2013ئ میں پاکستان ایک آؤٹ آف سروس جہاز تھا، جس ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اوردہشتگردی ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا اے پی ایس جیسا ہولناک واقعہ رونماہوا لیکن آپریشن ردالفساد نے دہشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی، دہشتگردی، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقے الیکشن کے حوالے سے ابہام پیدا کر رہے ہیں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ آگ سے مت کھیلیں۔احسن اقبال نے کہا لوگ جان لیں کہ 2018ئ کے انتخابات کی راہ میں روڑے اٹکانے والے ہی پاکستان خراب کرناچاہتے ہیں، مردم شماری حکومت اور پاک فوج نے مل کر کی جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی نشستوں میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض بقراط اور سقراط مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں، ترقی کا تسلسل جاری رہے گا اور 2025ئ تک پاکستان دنیا کی دس بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق بعض لوگ محض اپنی سیاست چمکانے کیلئے کرپشن کی سیاہی پھیلا رہے ہیں، بنگلہ دیش اور ہمسایہ ملک میں پاکستان سے زیادہ کرپشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں سڑکوں کا جال پھیلا رہی ہے۔