حافظ آباد، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا

تمام جاری منصوبوں کو برق رفتاری کے ساتھ مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کر لیا جائے، حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ

پیر 6 نومبر 2017 20:35

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ کی زیر صدارت ہونے والے ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم کے خصوصی ترقیاتی پیکج کے تحت میاں شاہد حسین بھٹی ایم این اے کے حلقہ این اے 103میں 15کروڑ کی لاگت سے 74ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے بعد ان پر ترقیاتی سرگرمیوں کے آغاز کے لئے یہ منصوبے متعلقہ محکموں کو بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ وفاقی وزیر برائے ہیلتھ سروسز میڈم سائرہ افضل تارڑ کے حلقہ این اے 102میں بھی 15کروڑ کے ترقیاتی منصوبوں کی بہت جلد منظوری متوقع ہے ۔

ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن کمیٹی کے اجلاس میں ایم پی اے اسد اللہ ارائیں ،ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ آباد شاہد اقبال بھٹی اور ترقیاتی محکموں کے متعلقہ افسران شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار اور فنڈز کے استعمال کے سلسلہ میں مسلسل جائزے کے لیے ڈی سی کا اجلاس اب ہر ہفتہ ہو اکرے گا ۔

انہوں نے ترقیاتی محکموں کے افسران پر زور دیا کہ حکومتی ترجیح اور خواہش کے مطابق تمام جاری منصوبوں کو برق رفتاری کے ساتھ مقررہ مدت کے اندر ہر صورت مکمل کر لیا جائے بصورت دیگر تاخیر کی صورت میں افسران خود ذمہ دار اور جوابدہ ہونگے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد اقبال بھٹی نے ڈپٹی کمشنر اور عوامی نمائیندگان کو ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2017-18کے ضلع میں سکول ایجوکیشن کی 2،ہائر ایجوکیشن کی ایک ،سپورٹس کی دو ،پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کی ایک ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 51،سوشل ویلفیئر کی ایک ،لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی اور جیل کی دو ،دو جبکہ ہائی ویز کی آٹھ اور پولیس کی تین اور مجموعی طور پر 76جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے رواں مالی سال میں 1559ملین مختص کئے گئے ہیں جن میں سے 488ملین جاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان 76ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی لاگت 7,471ملین ہے اور انپر ابتک 2943.765ملین کے فنڈز خرچ ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تمام ترقیاتی محکموں کو جاری منصوبے ہر صورت رواں مالی سال کے اندر مکمل کرنے کی واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے ترقیاتی کمیٹی کا اجلاس ہفتہ وار کی بنیاد پر بلانے اور فنڈز کے استعمال کی صورتحال کے مسلسل جائزے کے لیے کہا ہے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔