حکمرانوں کو میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین کے علاوہ عوامی مسائل نظر نہیں آ رہے ، افنان صادق بٹ

پیر 6 نومبر 2017 20:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2017ء)پیپلز پارٹی کے رہنما افنان صادق بٹ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو میٹروبس اور اورنج لائن ٹرین کے علاوہ عوامی مسائل نظر نہیں آ رہے جبکہ عوام کے لیے صحت و تعلیم اورصاف پانی کی فراہمی کی سہولیات خواب بن کر رہ گئی ہیں عوام کی بنیادی ضروریات میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبے نہیں بلکہ صحت وتعلیم اور دیگر ضروریات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے سارا بجٹ اپنے اللے تللے منصوبوں پر جھونک دیا ہے ، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں غریب مریض علاج معالجہ اور ادویات کیلئے ترس رہے ہیں سرکاری سکولوں کی حالت زار اور سرکاری محکمہ جات میں کرپشن نے اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں غریب عوام سرکاری ہسپتالوں میں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسوں کی وجہ سے غریب عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں (ن) لیگ حکومت نے غریب دشمنی کی انتہا کر دی ہے ، مہنگائی سمیت دیگر مسائل نے عام آدمی کا بھرکس نکال دیا ہے لاہو رشہر سمیت ملک بھر میںحکمرانوں کی طرف سے ترقی کے دعوے متوسط طبقات اور فاقہ زدہ لوگوںکے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں، صوبے بھر میں 80فیصد سے زائد عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہے،بے روزگاری نے نوجوان نسل کو جرائم اور منشیات پر لگنے پر مجبور کر دیا ہے۔