سرگودھا،بورڈ آف ریونیو پنجاب نے سنگین نوعیت کی مبینہ مالی بد عنوانیوں کا نوٹس لیتے ہوئے پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے

پیر 6 نومبر 2017 20:29

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2017ء) بورڈ آف ریونیو پنجاب نے محکمہ مال سرگودھا میں سنگین نوعیت کی مبینہ مالی بد عنوانیوں کا نوٹس لیتے ہوئے پونے چار کروڑ روپے کی ریکوری کرنے کیلئے ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دے کر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ذمہ دار ریونیو افسران جن میں تحصیلدار بھی شامل ہیں کو ضلع بدر کرنے اور پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے ، ذرائع کے مطابق آڈٹ اینڈ انسپکشن میں سابقہ مالی سال کے دوران مختلف مدات میں کاٹی گئی رسیدوں کے مطابق نہ صرف تضاد سامنے آیا بلکہ عدم ریکوری کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا اس ضمن میں لینڈ ریونیو اکائونٹس میں چار کروڑ39لاکھ روپے کی کمی کی نشاندہی بھی کی گئی، جس پر تحصیلداروں اور فیلڈ ملازمین نے 54لاکھ 84ہزار روپے جمع کروا دیئے مگر 3کروڑ75لاکھ روپے سے زائد کے واجبات تاحال بقایا ہیں ،جس پر ڈپٹی سیکرٹری بور ڈ آف ریونیو نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو ہدایت جاری کی ہے کہ تحصیل سرگودھا کے ذمہ ایک کروڑ68لاکھ روپے ، کوٹمومن57لاکھ 72ہزار روپے ، بھیرہ پانچ لاکھ 18ہزار روپے ،بھلوال 68لاکھ 9ہزار روپے ،شاہ پور23لاکھ 96ہزار روپے،ساہی وال 35لاکھ 70ہزار روپے اور تحصیل سلانوالی کے ذمہ 28لاکھ 16ہزار روپے فوری طور ریکور کروا کر قومی خزانے میں جمع کروائے جائیں ،جس کیلئے متعلقہ افسران کو ایک ماہ کاوقت دیا گیا ہے جس کے بعد عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں انہیں ضلع بدر کرنے کے ساتھ ساتھ محکمانہ کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :