ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے پی ٹی آئی کی طرز سیاست کو عوام کی بھر پور پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔ میاں جمشید الدین کا کا خیل

پیر 6 نومبر 2017 20:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائیز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی منفرد طرز سیاست کے ذریعے ملک میںتبدیلی لانے کیلئے عوام کو متحرک کیا ہے جسکے نتائج 2018 کے انتخابات میں واضح ہو جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز نوشہرہ میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دیدہ دلیری سے جھوٹ بولنے والے عناصر اب عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے کیونکہ عوام نے خیبر پختونخوا حکومت کی عوام دوست اور صاف و شفاف طرز حکمرانی پر بھر پور اعتماد کاظہار کیا ہے۔ میاں جمشید الدین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کامحور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا اور ملکی اداروں کو مستحکم اور فعال بنانا ہے اور خیبر پختونخوا حکومت نے اس ضمن میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔ اس کو بنیاد بنا کرپورے ملک میں وہی پالیسی اپنائینگے جن سے نہ صرف کرپشن کا قلع قمع ہو گا بلکہ غریب عوام کی تقدیر بھی بدل جائیگی۔