بجلی و گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں عوام پر اضافی بوجھ ہوگا ،میاں کامران سیف

پیر 6 نومبر 2017 20:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 نومبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ اہور میاں کامران سیف نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی وایل پی جی گیس مہنگی کرنے کی تیاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگی بجلی و گیس نے پہلے ہی عوام کی قوت خرید میں کمی کردی ہے اور مہنگی بجلی اور گیس سے ان کے ماہانہ بجٹ متاثر ہورہے ہیں اب پھر حکومت نے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام سی90ارب روپے وصول کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میاں کامران سیف نے کہا کہ بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نقصانات کی مد میں14ارب روپے بجلی صارفین سے وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے ملک کے اندر پیدا ہونے والی ایل پی پی گیس پر بھی4669روپے فی میٹرک ٹن کی شرح سے پٹرولیم لیوی عائد کردی گئی ہے جس سے آنے والے موسم سرما میں ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافے کا خدشہ ہے اور یہ بوجھ بھی عوام پر منتقل کردیا جائے گا ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت برقرار رہی تو عوام کے سانس لینے پر بھی ٹیکس عائد کردے گی نااہل وزیر خزانہ نے پوری قوم کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :