نیب راولپنڈی نے مختلف مقدمات میں ملوث محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کے چار افسران کو گرفتار کر لیا

پیر 6 نومبر 2017 19:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے ذیلی دفتر گلگت بلتستان نے تین مختلف مقدمات میں ملوث محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کے چار افسران کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

محکمہ جنگلات کے یہ افسران ٹمبر ڈسپوزل پالیسی 2013ء کے دوران درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث تھے، وہ اس عرصہ کے دوران پابندی کے باوجود درختوں کی کٹائی میں ملوث تھے جس سے جرمانہ کی عدم ادائیگی کی بناء پر قومی خزانہ کو 225 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔

ملزموں کو پیر کو جسمانی ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت گلگت بلتستان میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزموں کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ گرفتار کئے گئے ملزموں میں ڈویژنل فاریسٹ آفیسر استور سلیم الله خان، سابق کنزرویٹر گلگت محمد زمر، سابق رینج فاریسٹ آفیسر تھور قدر دان اور سپرنٹنڈنٹ محکمہ جنگلات گلگت بلتستان فرید الله خان شامل ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوران تفتیش ملزموں سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :