سعودی عرب پر جنگ مسلط کرنے کا مطلب پورے عالم اسلام پر جنگ مسلط کرنا ہے‘طاہر محمود اشرفی

حوثی باغیوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف امت مسلمہ کو واضح لائحہ عمل اپنانا ہو گا‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا اجلا س سے خطاب

پیر 6 نومبر 2017 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء) سعودی عرب میں حوثی باغیوں کی طرف سے میزائل حملہ اور ہیلی کاپٹر کا گر جانا قابل افسوس ہے ،پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کیلئے ہر وقت اور ہر لمحہ کوشاں ہے ، سعودی عرب پر جنگ مسلط کرنے کا مطلب پورے عالم اسلام پر جنگ مسلط کرنا ہے، حوثی باغیوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف امت مسلمہ کو واضح لائحہ عمل اپنانا ہو گا۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف جماعتوں کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر مولانا مفتی محمد ضیاء مدنی ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا شہزاد احمد ، مولانا شہباز احمد ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا الیاس مسلم ، مولانا محمد شفیع قاسمی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عالم اسلام مسائل اور مصائب کا شکا رہے ، ان حالات میں سعودی عرب کے خلاف مسلسل سازشوں کا ہونا( 1 ارب 70 کروڑ) مسلمانوں کیلئے قابل تشویش ہے ۔ سعودی عرب مسلمانوں کی عقیدت اور ایمان کا مرکز ہے اور مسلمانوں کے مقدسات کا سعودی سلامتی کے اداروں کی طرف سے تحفظ کیا جانا اور اسلام اور مسلمان دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانا سعودی عرب کی حکومت اور سلامتی کے اداروں کا عظیم کارنامہ ہے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف ہونے والے اقدامات کو پوری سعودی قوم کی حمایت حاصل ہے اور جو قوتیں سعودی عرب میں انتشار پیدا کرنے کی خواہشمند ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف جدوجہد قرآن و سنت کا حکم ہے اور وہی معاشرے دنیا میں ترقی پاتے ہیں جو کرپشن اور ناجائز سفارش جیسے ناسور سے نجات پا لیتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن نائف سعودی عرب کی سلامتی و استحکام اور معاشی ترقی کیلئے جو اقدامات اٹھا رہے ہیں پاکستان علماء کونسل اور دنیا کی دیگر اسلامی و سیاسی تحریکیں ان کی مکمل تائید کرتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :