حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، گورنر پنجاب

پیر 6 نومبر 2017 19:36

حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، گورنر پنجاب
لاہور۔6 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ حضرت داتا گنج بخشؒ نے دین اسلام کی جو خدمت کی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اسلام اور انسانیت کی بہتر طریقے سے خدمت کی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مذہبی امور و اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام الشیخ علی بن عثمان المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے 974ویں سالانہ عُرس مبارک کے موقع پردو روزہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میںزعیم قادری وزیر مذہبی امور و اوقاف پنجاب، عبدالجبار شاہین سیکرٹری اوقات، طاہر رضا بخاری ڈایریکٹر جنرل اوقاف ، مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب مسجد داتا گنج بخشؒ ، پیر ناظم حسین شاہ، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور بین الاقوامی مذہبی سکالرز نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری تمام تکالیف، مشکلات، دکھ اور درد کا مداوا اللہ اور اس کے رسولؐ کے نام، قرآن مجید کے کلام اور اولیائے اکرام کے پیغام میںپنہاں ہے۔گورنرنے کہا کہ دُنیا میں( اًمن) باہمی محبت، تحمل اور برداشت کے جذبے کے ساتھ ہی قائم ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرتوں کے آلائو کو بجا کر محبتوں کے چراغ کو روشن کرنا ہے۔

گورنر نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اور عقائد کے ماننے والے اپنے ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے ایک نقطے پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہمیں نہ صرف عوام بلکہ اللہ کے حضور بھی جوا ب دہ ہیں۔اس سے پہلے گورنر پنجاب نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی ۔ اس موقع پرگورنر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دُعا مانگی۔

متعلقہ عنوان :