احمد شہزاد کو خراب پر فارمنس اور مسلسل ناکامی کے بعد قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ

ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میچز میں احمد شہزاد پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے

پیر 6 نومبر 2017 19:26

احمد شہزاد کو خراب پر فارمنس اور مسلسل ناکامی کے بعد قومی ٹیم سے ڈراپ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء) ٹیسٹ اوپنر احمد شہزاد کی خراب فارم اور مسلسل ناکامی کے بعد انہیں قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میچز میں احمد شہزاد پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مل کر جو 14 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے اس کے مطابق دائیں ہاتھ کے بیٹسمین ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے کوچ مکی آرتھر کو تجویز دی ہے کہ وہ آل رانڈر عامر یامین اور محمد نواز کو موقع دیں تاکہ ان میں موجود ٹیلنٹ کا اندازہ ہو سکے۔ احمد شہزاد حالیہ میچوں میں بیٹنگ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں لاہور میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے ڈراپ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

احمد شہزاد نے سری لنکا کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے جانے والے 2 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 27 اور 22 رنز بنائے تھے جب کہ ون ڈے سیریز میں انہوں نے صفر اور 8 رنز بنائے تھے۔

25سالہ احمد شہزاد نے پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹ میں سنچریاں بنائیں ہیں۔ احمد شہزاد نے لاہور میں کھیلے جانے والے ورلڈ الیون کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 49 رنز اسکور کئے تھے۔پاکستان کی جانب سے 13 ٹیسٹ 81 ون ڈے انٹر نیشنل اور 53 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے احمد شہزاد کو پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی ریلیز کر دیا ہے اور ان کے پاس اس وقت کوئی فرنچائز نہیں ہے تاہم وہ پر امید ہیں کہ 12 نومبر کو لاہور میں ہونے والے ڈرافٹ میں ان کی خدمات کوئی فرنچائز لے گی۔

متعلقہ عنوان :