گریٹر اقبال پارک میں فوڈ سٹریٹس‘ فوارے، جھولے‘ برقی قمقمے‘ریل کار اور خوبصورت بگھیاں سیاحوں کی دلچسپی کا باعث ہیں‘ رانا انصر لطیف

پیر 6 نومبر 2017 19:19

لاہور۔6 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2017ء) گریٹر اقبال پارک لاہور میں فوڈ سٹریٹس‘ رنگ برنگے فوارے، جھولے‘ برقی قمقمے‘ریل کار اور خوبصورت بگھیاں سیاحوں کیلئے دلچسپی کا باعث ہیں‘ سٹیٹ آف دی آرٹ سٹرکچر‘ رنگ برنگے پھولوں کی کیاریاں، جھولے اور مجسمے گریٹر اقبال پارک کی خوبصورتی میں چارچاند لگا رہے ہیں‘ پارک اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ ای) کے سینئر اہلکار رانا انصر لطیف نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ گریٹر اقبال پارک 113 ایکڑ پر محیط منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس میں جھیل اور تاریخی عجائب گھر سمیت ڈانسنگ فوارے اور مجسمے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی دلچسپی کا باعث بن رہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک میں فوڈ سٹریٹس کو سیاحوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی طور پرڈیزائن کیا گیا ہے‘ پارک میں چاروں صوبوں پنجاب‘ سندھ‘ بلوچستان‘ خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے روایتی کلچر کو اجاگر کیاگیا ہے‘ یہاں بنائے گیٹ تمام صوبوں کی نمائندگی کرتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ تیرہ ماہ کی قلیل مدت میں پارک میں بہت سی نت نئی چیزیں متعارف کروا کر عوام کو تفریح مہیا کی گئی ہے‘ جس پر مسلم لیگ ن کی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے‘ انہوں نے کہا کہ روزانہ ہزاروںفیملیز گریٹر اقبال پارک میں تفریح سے لطف اندوز ہو رہی ہیں‘ گریٹر اقبال پارک میں کراچی سے آئی نگہت بی بی نے بتایا کہ فوڈ سٹریٹس میں کھانوں کا معیار بہت اچھا اور صفائی ستھرائی قابل دید ہے‘ انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک بنانے کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو جاتا ہے‘ مظفر آباد سے آئے شہری مظفر چوہدری نے بتایا کہ انہیں گریٹر اقبال پارک آکر بہت خوشی ہوئی ہے‘ یہاں کے کھانوں کا معیار اور ذائقہ بہت اچھا جبکہ پارک میں صفائی کے انتظامات بھی بہت اعلیٰ ہیں‘ اسی طرح یہاں سیر کیلئے آئے کئی دوسرے شہریوں نے بھی بتایا کہ گریٹر اقبال پارک میں روایتی کلچر‘ فوڈ سٹریٹس‘ رنگ برنگے جھولے‘ ریل کار‘ ڈانسنگ فوارے‘ برقی قمقمے‘ بگھی کی سواری اور صفائی ستھرائی کا نظام بہت اچھا ہے۔

متعلقہ عنوان :