وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے میں پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز کیلئے عمارات کی تعمیر، ٹیوٹا کا ہیڈ کوارٹر حیات آباد منتقل کرنے، سرکاری مقاصد کیلئے ائرکرافٹ ہینگر کی تعمیر اور پی اے ایف ائیریونیورسٹی کے قیام کیلئے 384کنال اراضی کی منتقلی کی ہدایت کردی

پیر 6 نومبر 2017 19:14

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے صوبے میں پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز کیلئے عمارات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز کیلئے عمارات کی تعمیر، ٹیوٹا کا ہیڈ کوارٹر حیات آباد منتقل کرنے، سرکاری مقاصد کیلئے ائرکرافٹ ہینگر کی تعمیر اور پی اے ایف ائیریونیورسٹی کے قیام کیلئے 384کنال اراضی کی منتقلی کی ہدایت کی ہے۔ اس بارے میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم صوبے کی صنعتی اور معاشی ترقی کیلئے نا گزیر ہے اجلاس میںوزیراعلیٰ کے پرنسپل ایڈوائزر برائے فنی تعلیم و ہوا بازی ائیر کموڈور محمد امین،ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، سیکرٹری خزانہ شکیل قادر،سیکرٹری جنگلات نذر حسین شاہ، سیکرٹری صنعت ومحنت،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری سید شہاب علی شاہ، سٹرٹیٹجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید ، کمشنر پشاور ڈاکٹرفخر عالم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں روزگار پر مبنی فنی تعلیم کے فروغ کیلئے ٹیوٹا کی ضروریات اور سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ وزیراعلیٰ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ ائیر یونیورسٹی کیلئے درکار اراضی کی لیز پر جلد ازجلد یونیورسٹی کو منتقلی کیلئے کاروائی مکمل کریں انہوں نے سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کو بھی ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کیلئے درکار ائیر کرافٹ ہینگر کی تعمیر کیلئے پی سی ون پر نظر ثانی کی جائے انہوں نے ٹیوٹا ہیڈ کوارٹر کی ضروریات اور فعالیت سے متعلق تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے سیکرٹری صنعت کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کی جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے فنی تعلیم و ہوابازی اور کمشنر پشاور بھی شامل ہونگے پرویز خٹک نے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کو بھی ہدایت کی کہ نوشہرہ میں زنانہ فنی تربیتی مرکز کی عمارت کیلئے ٹیوٹا کو دستیاب اراضی کی منتقلی یقینی بنائی جائے انہوں نے اس اراضی پر تجاوزات ہٹانے کیلئے فوری کاروائی کرنے اور اس کی سمری بھیجنے کی ہدایت بھی کی وزیر اعلیٰ نے سرامک ٹریننگ سینٹر اکوڑہ خٹک کی عمارت کو ٹیوٹا کے حوالے کرنے کی منظوری بھی دی جو گورنمنٹ بوائز ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سینٹر جہانگیرہ کیلئے بروئے کار لائی جائے گی انہوںنے مزید ہدایت کی کہ سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ سے حاصل کردہ سی ٹی سی بلڈنگ کی بحالی اور تزئین کیلئے فنڈز کا فوری اور شفاف استعمال بھی یقینی بنایا جائے۔

بٹ خیلہ میں ووکیشنل سینٹر کی تعمیر کیلئے درکار پلاٹ کی منتقلی سے متعلق انہوںنے حکام کو ہدایت کی کہ اسے ٹیوٹا کو منتقلی سے پہلے محکمہ ہائوسنگ کی رائے ضرور لی جائے وزیراعلیٰ نے ارمڑ پایان میں سمال انڈسٹری ڈویلپمنٹ بورڈ کی عمار ت ووکیشنل سینٹر کے لئے بروئے کار لانے کی غرض سے اسے ٹیوٹا کو منتقلی کی منظوری بھی دی اور یہ عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوںنے سرامک ٹریننگ سینٹر کی اراضی ٹیوٹا کو منتقل کرنے اور اسے پیشہ وارانہ تربیت کیلئے بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ۔پرویز خٹک نے یہ بھی ہدایت کی کہ رشکئی میں کمرشل ائیر کرافٹ مینٹننس کالج کے قیام پر کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے ۔انہوںنے ٹیوٹا کے تربیتی مراکز کے طلباء کو فارمالائزیشن کورسز پر بھیجنے کی ہدایت بھی کی ۔

انہوںنے یہ واضح کیا کہ اُن کی ہدایات کے مطابق طلباء کو پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں پر بھیجنے کا سلسلہ بھی جلد شروع کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے ٹیوٹا کے قواعد وضوابط کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوںنے اپنے پرنسپل ایڈوائز ر کو یہ بھی ہدایت کی کہ دیر میں کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے درکار 1000 کنال اراضی کی مقامی اراکین اسمبلی کی پیشکشوںکی روشنی میں نشاندہی اور منتقلی کیلئے وہاں کا دورہ کرے۔

انہوںنے معاہدے کے مطابق ایم ون ۔171 ہیلی کاپٹر کی اوورہالنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔جیسا کہ روسی ہیلی کاپٹر نمائندہ کی آمد سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا گیا تھا۔پرویز خٹک نے رواں مالی سال کے اندر ورسک روڈ پردلاس ڈرین پر حفاظتی دیوار کی تعمیر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔انہوںنے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان رسالپور کو کینال واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے تخمینہ لاگت لگا کر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے منظوری کی یقین دہانی کرائی ۔

انہوںنے پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں ٹیچنگ سٹاف کی تعیناتی کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر سوات کو ہدایت کی کہ پی اے ایف بیس سیدو شریف کیلئے مطلوبہ 500 کنال اراضی کا حصول یقینی بنایا جائے۔انہوںنے ضلعی انتظامیہ کو مینگورہ میں سکولوں ، ہسپتالوں اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹس کیلئے زمین کی منتقلی کی بھی ہدایت کی ۔انہوںنے خویشگی میں نیشنل پارک کیلئے معاہدے کا مسودہ فوری طور پر تیا رکرنے جبکہ نیشنل پارک کی اراضی محکمہ صحت کو منتقل کرنے کی ہدایت کی تاکہ اُسے پی اے ایف کو لیز پر دیا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے تمام ڈیٹیلمنٹ احکامات منسوخ کرکے اہلکاروں کو متعلقہ اداروں میں تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :