احتجاجی جلسہ میں عوام نے بھر پور تعداد میں شرکت کرکے مردم شماری کے نتائج کو یکسر مسترد کردیا ہے ، فاروق ستار

مردم شماری میں دھاندلی کرکے ایسا جرم اور گناہ کیا گیا ہے ،اس کی تلافی کسی طور بھی ممکن نہیں ہوسکتی ہے اور اس میں ملوث عناصر سخت محاسبہ کے مستحق ہیں ،ارباب اختیار و اقتدار کو چاہئے کہ وہ عوام کی آواز کو سنیں اور صحیح مردم شماری کروانے کیلئے حتمی اقدامات فی الفور اٹھائیں ، سندھ اور اس کے شہری علاقوں کے عوام مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف اپنا مقدمہ جیت کر ہی دم لیں گے ،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ کا بیان

پیر 6 نومبر 2017 19:10

احتجاجی جلسہ میں عوام نے بھر پور تعداد میں شرکت کرکے مردم شماری کے نتائج ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور اراکین رابطہ کمیٹی نے مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف لیاقت آباد 10نمبر فلائی اوور پر ہونے والے احتجاجی جلسہ میں شرکت کرنے والے نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین اور کارکنان سے دلی تشکر کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ احتجاجی جلسہ میں عوام نے بھر پور تعداد میں شرکت کرکے مردم شماری کے نتائج کو یکسر مسترد کردیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ مردم شماری کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ مردم شماری کے نتائج کے بعد حکومتیں اپنے آئندہ کے لائحہ عمل مرتب کرتی ہیں جن میں انسانوں کی فلاحی و بہبود کے تمام منصوبے شامل ہوتے ہیں ، سندھ میں مردم شماری کا عمل شفاف نہیں ہوا اور بالخصوص سندھ کے شہری علاقوں سمیت کراچی کی لاکھوں آبادی کو مردم شماری سے حذ ف کردیا گیا ، مردم شماری ایک ایسا ریاستی عمل ہے جس میں دھاندلی کرکے ایک ایسا جرم اور گناہ کیا گیا ہے جس کی تلافی کسی طور بھی ممکن نہیں ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام نے مردم شماری کے خلاف ہونے والے احتجاجی جلسہ میںجس بھر پور انداز میں شرکت کی ہے اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ لاکھوں عوام کو مردم شماری میں گنا ہی نہیں گیا ہے اور عوام اس دھاندلی کے خلاف اب اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان مردم شماری کے درست نتائج کیلئے لیاقت آباد 10نمبر فلائی اوور پر فقید المثال اور تاریخ ساز احتجاجی جلسہ کرچکی ہے اور اب ارباب اختیار و اقتدار کو چاہئے کہ وہ عوام کی آواز کو سنیں اور صحیح مردم شماری کروانے کیلئے حتمی اقدامات فی الفور اٹھائیں بصورت دیگر لاکھوں عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے اس گھنائونے عمل کے خلاف ایم کیوایم پاکستان اور عوام ایک ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی اس ناانصافی اور دھاندلی کے خلاف اپنے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سندھ اور باالخصوص کراچی کے عوام نے مردم شماری کے نتائج کی درستگی کیلئے احتجاجی جلسہ میں جس بھر پور انداز میں شرکت کی وہ مردم شماری میں دھاندلی کرنے والوں کی ایک تنبہہ ہے ۔ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے مردم شماری کے اعداد و شمار کی صحیح گنتی کیلئے ہونے والے احتجاجی جلسہ میں شرکت کرنے والے ایک ایک نوجوان ، بزرگ ، خواتین ، ذمہ داران و کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عوام و کارکنان اپنے درمیان اتحاد قائم رکھیں انشاء اللہ تعالیٰ سندھ اور اس کے شہری علاقوں کے عوام مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف اپنا مقدمہ جیت کر ہی دم لیں گے ۔