لاہور میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ،8نومبر تک جاری رہے گی

والدین اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کے لئے پولیوکے قطرے ضرور پلوائیں ‘خواجہ عمران نذیر

پیر 6 نومبر 2017 19:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ بچے قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور والدین اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کیلئے انہیں پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ان کو ساری عمر کی معذوری سے بچایا جاسکے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ میاں میر ہسپتال لاہور میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید سمیر احمد، لارڈ میر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر یداللہ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ آٹھ نومبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 17لاکھ 30ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 4ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر بچوں کوویکسین کے قطرے پلائیں گی۔

(جاری ہے)

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ والدین کیلئے سب سے قیمتی اثاثہ اولاد ہوتی ہے لہٰذاوالدین اپنے بچوں کو صحت مند مستقبل دینے کیلئے انہیں پولیو کے قطرے لازمی پلوائیںاور اگر کسی گھر تک پولیو ٹیم نہ پہنچے تب بھی والدین کا فرض ہے کہ وہ قریبی حفاظتی ٹیکوں کے مرکز پر اپنے بچوں کو لیجا کر پولیو ویکسین کے قطرے پلوائیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت نے کہا کہ مسافر بچوں اور دوسرے صوبوں سے آئے ہوئے خاندانوں کے بچوں کو پولیو قطرے پلانے کیلئے مائکرو پلاننگ کی گئی ہے اور پشتو بولنے والے افراد کی بستیوں میں خصوصی طور پر ٹیمیں بھیجی جائیں گی تاکہ کوئی مسافر بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔

متعلقہ عنوان :