بھارت نے مظالم پرپردہ ڈالنے کیلئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ،ْچوہدری یاسین

حکومت پاکستان پابندی کو ختم کرانے کیلئے جاندار سفارتی مہم شروع کرے ،ْقائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی

پیر 6 نومبر 2017 17:11

سٹوک آن ٹرینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء) قائد حزب اختلا ف آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی چودھری محمد یٰسین نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم پرپردہ ڈالنے کیلئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے ،ْ حکومت پاکستان اس پابندی کو ختم کرانے کیلئے جاندار سفارتی مہم شروع کرے تاکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر کی حقیقی صورتحال کاجائزہ لیکر اپنی رپورٹ عالمی کمیشن تک پہنچاسکیں۔

وہ یہاں ’’یوم شہداء جموں وکشمیر ‘‘کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہاکہ بھارت نے 6نومبر کے دن پاکستان بھیجنے کے نام پر ہزاروں کشمیر یوں کو گھات لگاکر قتل کیا۔ جوکشمیر کی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت کشمیریوں پر 6نومبر جیسے متعدد واقعات کے باوجود اپنے مذموم مقاصد میں کامیا ب نہ ہوسکا، کشمیری اپنے بنیادی حقوق کیلئے 70 سالوں سے ہتھیاروں کامقابلہ پتھروں اور اپنے سینوں سے کررہے ہیں۔

ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی نسل کشی کیلئے نوجوانوں کو معذور کرنے کیلئے پیلٹ گنوں کااستعمال جبکہ خواتین کی عصمت دری اور چوٹیاں کاٹنے کے واقعات بھی عالمی برداری کے سامنے ہیں۔ اقوام عالم بھارت میں ہونے والی دہشتگردی کاسروے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کرائے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان جمہوریت کانعرہ لگاکر مقبوضہ کشمیر کے اندر دہشتگردی کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہے ۔

اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کشمیریوں کے حالت زار کو عالمی ایوانوں تک پہنچانے کیلئے انسانی حقوق کی تنظیموں پر پابندی عائد کربیٹھاہے ۔ انہوں نے اس موقع پر حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ وہ بھارت کی اس بے بنیاد پابندی پر جاندار سفارتی مہم شروع کرے تاکہ دنیا سے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم بلاتخصیص بھارت مقبوضہ کشمیر جاکر سروے کرکے اقوام متحدہ تک پہنچائے جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ 6 نومبر 1947؁ کو ہندوستان نے کشمیریوں کیساتھ پہلی سنگدل واردارت میں لاکھوں کشمیریوں کوموت کی نیندسلایاتھا۔مائوں کے سامنے لخت جگروں کو چاک کیاگیا، ماں باپ کے سامنے بچیوں کیساتھ ریپ کیئے گئے ۔ ہندوستان جمہوریت کے نام پر مقبوضہ وادی میں خون کی ہولی کھیل رہاہے ۔ جو قابل مذمت ہے۔ کشمیری نوجوان اپنے بنیادی حقوق بھارت سے لیکر رہیں گے اس کیلئے انہیں جتنی بھی قربانیاں دینی پڑیںتو وہ دینگے ۔انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں کہ کشمیری آزادی کاسورج طلوع ہوتے دیکھیں گے ۔