چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویزالہی کی نیب کے سامنے پیشی ‘بیان ریکارڈ کروایا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 نومبر 2017 15:10

چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویزالہی کی نیب کے سامنے پیشی ‘بیان ریکارڈ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06نومبر۔2017ء) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ق) کے راہنما چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ نے نیب لاہور کے سامنے پیش ہو کر اپنے اکاﺅنٹس اور اثاثہ جات پر مشتمل فائل نیب میں جمع کرادی ہے۔سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی آمدن سے زائد اثاثے اور غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں نیب لاہور کے سامنے پیش ہوئے۔

چوہدری برادران نے اپنے اکاﺅنٹس اور اثاثہ جات پر مشتمل فائل نیب میں جمع کرادی اور ایک گھنٹہ تک نیب میں موجود رہے، جبکہ نیب کی تفتیشی ٹیم کے 3 افسران نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کا بیان ریکارڈ کیا۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی ناجائز اثاثوں کے ریفرنس میں الزام مسترد کیا ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی کیخلاف یہ مقدمات 12سال قبل قائم کیئے گئے تھے ۔

ذرائع کے مطابق نیب حکام نے چوہدری برادران سے 75 سوالات کیے اور انہیں سوالنامہ بھی پیش کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ نیب حکام نے چوہدری شجاعت حسین سے کہا کہ امید ہے آپ کو دوبارہ بھی بلائیں گے جس پر انہوں نے کہا کہ جب بھی بلائیں گے، قانون کی عملداری کے لیے حاضر ہوں گے۔نیب لاہور نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کو سمن جاری کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ ملزمان 6 نومبر کو نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہو کراپنے اثاثوں کی تفصیلات اور آمدن کے ذرائع بتائیں۔

واضح رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف 2 ارب 42 کروڑ سے زائد کے غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزامات ہیں۔ نیب نے ان کے خلاف یکم جنوری 2000ءکو ریفرنس دائر کیا تھا جب کہ تحقیقات کا آغاز 12 اپریل 2000ءمیں کیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کیسز کو بند کر دیا گیا تھا۔