عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے‘ اعزاز چوہدری

پیر 6 نومبر 2017 12:06

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم و انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 نومبر2017ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے‘ کشمیری مجاہد برہان وانی کی شہادت نے واضح کیا کہ کشمیری عوام بھارت کے ظلم و ستم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں‘ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی‘ اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا‘ سابق سیکرٹری خارجہ ریاض محمد خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی قراردادوں پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا جاسکا‘ بھارت اور پاکستان کی حکومتیں مذاکرات کے عمل کو دوبارہ شروع کریں تاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا سیاسی حل نکل سکے۔

پیر کو واشنگٹن میں کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر پاکستان ایمبیسی میں کشمیر کی ستر سالہ جدوجدہ کے نام سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بین الاقواممی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

کشمیری مجاہد برہان وانی کی پندرہ ماہ قبل شہادت نے کشمیری عوام کی۔ ہمت اور حوصلے کو ثابت کردیا ہے کہ وہ بھارتی مظالم کے خلاف اپنی تمام قوت لگا دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ‘ سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ کشمیری امریکی کمیٹی کے سیکرٹری جنر سردار ذوالفقار خان‘ سردار سوار خان اور جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر امتیاز خان نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کشمیری خواتین اور بچوں پر ہونے والے ظلم و ستم پر روشنی ڈالی جس کا سامنا کشمیری ستر سال سے کررہے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ وادی کشمیر میں بھارتی مظالم پر اپنی آواز اٹھائے۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بھارتی ظلم و ستم کے خلاف اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ جموں وکشمیر کے تاریخی پس منظر کو بیان کرتے ہوئے سفارتکار توقیر حسین اور سابق سیکرٹری خارجہ ریاض محمد خان نے اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کا حوالہ دیا لیکن ابھی تک ان پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکا۔

دونوں اسپیکرز نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کی حکومتیں بات چیت کے عمل کو دوبارہ شروع کریں تاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا سیاسی حل نکل سکے اس سے قبل 27اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا گیا کیونکہ اسی دن 1947 میں بھارت نے اپنی افواج کو مقبوضہ کشمیر میں اتارا اور کشمیر پر قبضہ کیا۔