امجد ایڈووکیٹ مہدی شاہ کا سیاسی جانشین ثابت ہو رہے ہیں ،محکمہ تعلیم کو کریانے کی دکان بنانیوالوں کو بھی پارٹی میں اعلیٰ عہدے دیدئے ،سیکریٹری اطلاعات مسلم لیگ ن گلگت بلتستان فاروق میر

اتوار 5 نومبر 2017 20:22

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 نومبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے سیکریٹری اطلاعات فاروق میر نے کہا ہے کہ امجد ایڈووکیٹ مہدی شاہ کا سیاسی جانشین ثابت ہو رہے ہیں ، اپنے ارد گرد علی بابا چالیس چوروں کی ٹیم اکھٹی کی ہے محکمہ تعلیم کو کریانے کی دکان بنانے والوں کو بھی پارٹی میں اعلیٰ عہدے دئیے جا رہے ہیں ، پیپلز پارٹی نے اپنے ماضی سے سبق نہیں سیکھا ان کے حالیہ سیاسی صورتحال سے ثابت ہو رہا ہے ، ان کا ماضی ہی انکا مستقل ہے ، گلگت بلتستان کے عوام نے ان کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے مسترد کر دیا ہے۔

وہ اتوار کو پیپلز پارٹی کی پوری لیڈر شپ کا اتحاد چوک میں 100لوگوں سے خطاب کر رہے تھے۔ گلگت شہر کے سب سے مصروف چوک کو بند کرکے ہزاروں لوگوں کی زندگی کے معاملات میں شدید مشکلات پیدا کیں ، پیپلز پارٹی کے نام نہاد لیڈر مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت پر بہتان تراشی میں مصروف عمل ہیں ان الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ،مسلم لیگ ن گلگت بلتستان ان تمام الزامات کو مسترد کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام حقائق سے واقف ہے گلگت بلتستان میں چھوٹے بڑے عوامی منصوبوں پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ،ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کے معاملات زندگی میں انقلاب آئیگا اور گلگت بلتستان کی معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع پید اہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دسل سال گلگت بلتستان پر حکومت کی ان دس سالوں میں عوامی نوعیت کے کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا ۔

تعلیم ، صحت ، صاف پانی جو کہ عوام کا بنیادی حق ہے یہاں کے عوام ان دس سالوں میں اپنے بنیادی حقوق کیلئے ترستے رہے ۔ آج مسلم لیگ ن نے اپنے دو سال اور چھ ماہ کے اقتدار میں اربوں روپے مالیت کے عوامی منصوبوں کے آغاز سے پیپلز پارٹی کی نا اہل لیڈر شپ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور صوبائی حکومت پر ٹھیکوں کی بندر بانٹ کا الزام لگا کر سیاست میں زندہ رہنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محمہ ورکس آدازانہ طور پر گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں مصروف عمل ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ محکمہ ورکس کے آزادانہ میرٹ اور قانون اور قاعدے کے تحتٹھیکوںکے معاملات چلانے پر پیپلز پارٹی کی اے ٹی ایم کی مشین بند ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ صرف اخبارات میں بیانات دیکر اپنی سیاست کو بر قرار رکھنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اخبارات میں بیانات دیکر محکموں کو دبائو میں لانے کا زمانہ گزر چکا ہے آ گلگت بلتستان میں تمام ادارے قانون و قاعدے کے مطابق کام کررہے ہیں ۔ ٹھیکے اور نوکریاں بیچنا پیپلز پارٹی کا وطیرہ ہے ، ان کے اہنی کارتوتوں کی وجہ سے پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پختونخواہ ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام نے ان کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا ہے اگلے الیکشن میں سندھ کے عوام کا بھی غیظ و غضب کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان دن رات گلگت بلتستان کے نظام کی بہتری اور تعمیر و ترقی کو آگے لے جانے میں مصروف عمل ہیں ۔ محض دو سال چھ ماہ میں اربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے ۔