فواد چوہدری پرویز خٹک سے پوچھ لیں کہ وہ قبل از وقت اسمبلی توڑنے کو تیار ہیں یا نہیں، رکن سندھ اسمبلی سعید غنی

مردم شماری پراٹھائے گئے اعتراضات بالکل درست ہیں نیب کا رویہ جانبدارنہ ہے ،نیب کا قانون سندھ میں کچھ اور جبکہ پنچاب میں کچھ اور ہے

اتوار 5 نومبر 2017 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2017ء) پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے فواد چوہدری قبل ازوقت انتخابات کے لیے اسمبلیاں توڑنے کی تجویز دینے سے پہلے پرویز خٹک سے پوچھ لیں کہ وہ اسمبلی توڑنے کو تیار ہیں یا نہیں، انہوں نے کہاکہ مردم شماری پراٹھائے گئے اعتراضات بالکل درست ہیں نیب کا رویہ جانبدارنہ ہے ،نیب کا قانون سندھ میں کچھ اور جبکہ پنچاب میں کچھ اور ہے انہوں نے کہاکہ 2018 کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی ۔

بلاول ہائوس میڈیا سیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے نام نہاد الائنسز بننا کوئی نئی بات نہیں ہے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی سندھ میں پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی، انھوں نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہماری پارٹی میں سب فرشتے ہیں ہم بھی معاشرے کا حصہ ہیں ہمارا صرف یہ کہنا ہے کہ ایک ہی قانون کے تحت بنائے جانے والے ریفرنسز میں دو علیحدہ علیحدہ طریقہ کار کیوں اپنائے جارہے ہیں ڈاکٹر عاصم اور شرجیل میمن کے خلاف امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، جس کا اظہار سندھ ہائیکورٹ نے بھی کیا جو ہمارے موقف کی تائید ہے اس موقع پیپلزپارٹی صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے مسلم لیگ نون کراچی کے رہنما سلیمان مندرہ پٹیل کی ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا، وقار مہدی نے کہا سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور لوگ جوق در جوق پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں جس طرح پیپلزپارٹی کراچی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے بہت سے دیگر رہنما بھی جلد پیپلزپارٹی میں شامل ہونگے دوہزاراٹھارہ کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی میں سرپرائز دے گی۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے پارٹی میں شمولیت کرنے والے تمام افراد کو خوش آمدید کہا ۔انہوں نے کہاکہ الیکیشن سے قبل انتخابی اتحاد اس لیے بنوائے جاتے ہیں تاکہ پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک متاثر ہو سکے پیپلز پارٹی کیخلاف بننے والے موجودہ گرینڈ لائنس کا حشر بھی برا ہوگا سعید غنی کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دینے سے قبل پی ٹی آئی وزیراعلی خیبرپختونخواہ سے ضرورمشورہ کرلے، عمران خان الٹے بھی لٹک جائیں تو وزیر اعلی کے پی کے اسمبلی تحلیل نہیں کرینگے انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم نے آج مردم شماری پرہونے والے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی تھی سندھ کی تمام جماعتیں متفق ہیں کہ سندھ کے متعلق مردم شماری کے اعداد شمار پر تحفظات ہیں۔

پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکرنے والے مسلم لیگ نون کراچی ڈویژن کے سابق نائب صدر سلمان مندرہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کی جانب سے اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی اور عوامی مسائل سے عدم توجہی کی وجہ سے مسلم لیگ نون چھوڑنے کا فیصلہ کیا، پیپلزپارٹی کے رہنماں کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے شروع ہونے سے پہلے سابق وزیراعلی قائم علی شاہ نے اعتراضات اٹھائے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ ڈیٹا کیوں شئیر نہیں کررہی ہے کراچی کی نسبت لاہور کی آبادی میں تیزی سے اضافہ دکھایا گیا ہے ۔مردم شماری پر اٹھائے جانے والے اعتراضات میں کافی وزن ہے۔