چاہتے ہیں کہ چیئرمین نیب شفاف طریقے سے احتساب کریں، کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، یکساں طور پر سب کا احتساب ہونا چاہیے،سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری سے غریبوں کا علاج ناممکن ہو جائے گا، اگر میٹرو کو سبسڈی مل سکتی ہے تو کیا محکمہ صحت کو سبسڈی نہیں مل سکتی ،فیصلے ڈنڈے کے زور پر نہیں عقل و دانش سے ہوتے ہیں

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کا ملتان میں احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطا ب

ہفتہ 4 نومبر 2017 21:32

چاہتے ہیں کہ چیئرمین نیب شفاف طریقے سے احتساب کریں، کرپشن ملک کو دیمک ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 نومبر2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین نیب شفاف طریقے سے احتساب کریں، کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، اس کے خاتمے کے لئے وہ کام کریں ہم کسی کیلئے رعایت نہیں مانگ رہے یکساں طور پر سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری سے غریبوں کا علاج ناممکن ہو جائے گا، ان کی پرائیویٹائزیشن کا کوئی جواز نہیں بنتا فیصلے ڈنڈے کے زور پر نہیں عقل و دانش سے ہو تے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کچہری چوک پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیراہتمام سرکاری ہسپتالوں کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے کے خلاف احتجاجی ریلی کے شرکاء سے اظہار یکجہتی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیحات میٹرو، اورنج ٹرین ہے تعلیم و صحت کی بہتری نہیں جو کسی بھی انسان کے لئے انتہائی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے عمل کو فوری طور پر روکے وہ ادارے جو پبلک کی خدمت کررہے ہیں ان کو پرائویٹائز کرنے کا جواز نہیں بنتا اگر یہ تمام محکمے احتجاج پر چلے گئے تو عام شہری پریشان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میٹرو کو سبسڈی مل سکتی ہے تو کیا محکمہ صحت کو سبسڈی نہیں مل سکتی ،فیصلے ڈنڈے کے زور پر نہیں عقل و دانش سے ہوتے ہیں کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے انہوں نے کہا کہ آپ اپنے احتجاج کو پرامن رکھیں تاکہ آپ کے احتجاج سے سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کو ٹ ادو میں بڑا جلسہ ہوجس میں لوگ بڑی تعداد میں پہنچے۔