انسداد تمباکو نوشی آرڈیننس پرعملدرآمد کویقینی بنایا جائے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 4 نومبر 2017 20:45

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2017ء) ضلع بھر میں انسداد تمباکو نوشی آرڈیننس پر اس کی روح کے عین مطابق عملدرآمد کویقینی بنایا جائے تاکہ عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کے منفی فعل کی روک تھام کرکے انسانی صحت کو اس کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے پیغام کو عام کیا جاسکے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز میاں آفتاب احمد نے ضلعی مانیٹرنگ وعملدرآمد کمیٹی برائے انسداد تمباکو نوشی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عدنان محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد اشرف،منہاج السراج،محمد آفتاب احمد،این جی اوز کے نمائندے ڈاکٹر جعفر حسن مبارک،محمدانوارخاں،ٹریفک پولیس،ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن،تعلیم اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر اجلاس نے نوجوان نسل کو سگریٹ نوشی کی بُری اور مضرصحت عادت سے دور رکھنے کے لئے متعلقہ قوانین کے تحت اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارہ کے پچاس میٹر کے اردگرد سگریٹ فروخت نہیں ہونے چاہیں اور اٹھارہ سال سے کم عمر نوجوانوں کو سگریٹ فروخت کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے پبلک پارکس،ریلوے اسٹیشن اور مسافر ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت دیگر عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کے انسداد کویقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مقامات کی نمایاں جگہوں پرنوسموکنگ کے بورڈز آویزاں کئے جائیں جبکہ سرکاری دفاتر میں بھی انسداد تمباکو کو آرڈیننس کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔