صدر مملکت کا قائداعظم کی صاحبزادی دینا واڈیا کے انتقال پرافسوس کا اظہار

پوری قوم غم کی اس گھڑی میں آپ کے خاندان کے ساتھ ہے ،ہم آپ کے دکھ کو محسوس کر سکتے ہیں ، ممنون حسین کا دینا واڈیا کے صاحبزادے کے نام پیغام

جمعہ 3 نومبر 2017 19:43

صدر مملکت کا قائداعظم کی صاحبزادی  دینا واڈیا کے انتقال پرافسوس کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 نومبر2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی بیٹی دینا واڈیا کے بیٹے نُسلی واڈیا کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کے ساتھ ہے کیونکہ ہم ان کے دکھ کو محسوس کر سکتے ہیں اور اس غم میں ان کے برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک تعزیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ دینا واڈیا کو بابائے قوم قائداعظم کی بیٹی کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا احترام کیاجاتا رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ محترمہ دینا واڈیا ہمیں قائداعظم کی یاد دلاتی تھیں جو ایک ایسی مضبوط سیاسی شخصیت اور بابائے قوم کی بیٹی تھیں جنھوں نے اپنی زندگی پاکستان کی تخلیق کی جدوجہد میں گزار دی ۔صدر مملکت نے کہا کہ محترمہ دینا واڈیا کے پاکستان کے آخری دورے اور قائداعظم کے مزار پر حاضری کے واقعات بڑے یاد گار رہے۔صدر مملکت نے دینا واڈیا کے لیے آخرت میں بلندی درجات اور خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنیکی دعا بھی کی۔