اگر شریف خاندان کو سزا ہوئی تو مسلم لیگ (ن) کے حصے بخرے ہو جائیں گے،سردار لطیف کھوسہ

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اسمبلی تحلیل کرکے قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان کر سکتے ہیں،سندھ اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت

جمعہ 3 نومبر 2017 17:43

اگر شریف خاندان کو سزا ہوئی تو مسلم لیگ (ن) کے حصے بخرے ہو جائیں گے،سردار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ اگر شریف خاندان کو سزا ہوئی تو مسلم لیگ (ن) کے حصے بخرے ہو جائیں گے ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اسمبلی تحلیل کرکے قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان کر سکتے ہیں ۔ آج کے سیاسی حالات میں نواز شریف کے ساتھ پیپلز پارٹی کوئی مفاہمت نہیں کرے گی ۔

وہ بدھ کو سندھ اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اسمبلیاں توڑ دیں اور عام انتخابات کا اعلان کر دیں ۔ ایسا وہ شریف خاندان کو سزا ملنے کی صورت میں کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو نگران حکومت بنے گی ، اسے ٹیکنو کریٹ گورنمنٹ نہیں کہ جا سکتا ۔

(جاری ہے)

البتہ نگران حکومت میں ٹیکنو کریٹ شامل ہو سکتے ہیں ۔

نگران حکومت مقررہ مدت میں انتخابات کرانے کی پابند ہو گی ۔ سردار لطیف کھوسہ نے نیب کے خلاف قرارداد منظور کرنے پر ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نواز کے ٹکڑے ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس نے نیب کے خلاف قرارداد منظور کی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف شاہی خاندان بن چکا ہے۔پاکستان میں انصاف کا دہرا معیار نہیں چلے گا ۔پیپلزپارٹی کے لئے الگ قانون اور شاہی خاندان کے لئے الگ قانون کسی صورت قبول نہیں ہے۔ ہم کوئی رعایت نہیں بلکہ انصاف کے طلب گار ہیں۔