سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے سائنس و ٹیکنالوجی کے 2.35 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دیدی

حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز کا سی ڈبلیو پی کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 2 نومبر 2017 13:44

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے سائنس و ٹیکنالوجی کے 2.35 ارب روپے مالیت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 نومبر2017ء) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ویژن 2025ء کے تحت پلاننگ کمیشن نے ایک مربوط منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت پاکستان کے مختلف منصوبہ جات سمیت آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور قبائلی علاقہ جات کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سی ڈبلیو پی کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے سائنس و ٹیکنالوجی کی2.35 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی ۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملیر کراچی میں ایجوکیشن سٹی میں مدرستہ الاسلام کا نیا کیمپس بنانے کیلئے ایک ارب 63 کروڑ 76 لاکھ 52 ہزار روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا ، اس منصوبے کو پیش کرنے کا مقصد کامرس اور بزنس ڈیپارٹمنٹس کیلئے دو بلاکس کی تعمیر ، 200 طلبہ کیلئے دو دو ہاسٹلز کی تعمیر اور سٹاف کیلئے رہائش گاہ کی تعمیر شامل ہے جسے اجلاس نے منظور کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے دو منصوبی 27 کروڑ 57 لاکھ 52 ہزار اور44 کروڑ 13لاکھ 80 ہزار روپے کی لاگت کے پیش کیے گئے جس میں سلکان سٹریپ ٹریکر اور ماون سسٹم کی اپ گریڈیشن اور دوسرا منصوبہ نیشنل سنٹر فار فزکس کی آر اینڈ ڈی لیبارٹری کی اپ گریڈیشن شامل ہے جسے اجلاس نے منظور کیا گیا۔