میئر کراچی نے عامر لیاقت اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بول ٹی وی کو اپنے وکیل کے ذریعے قانونی نوٹس بھجوا دیا

بول ٹی وی کے لائیو شو’ایسا نہیں چلے گا‘ میں میئر کراچی کے حوالے سے جھوٹے من گھڑت ،بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں

بدھ 1 نومبر 2017 21:44

میئر کراچی نے عامر لیاقت اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بول ٹی وی کو اپنے وکیل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے بول ٹی وی کے اینکر پرسن عامر لیاقت اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کو اپنے وکیل کے ذریعے قانونی نوٹس بھجوا دیا ۔قانونی نوٹس کے مطابق بول ٹی وی کے لائیو شو ’’ایسا نہیں چلے گا‘‘ میں میئر کراچی کے حوالے سے جھوٹے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے جن کا حقائق سے دور کا بھی تعلق نہیں اور لائیو شو میں میئر کراچی وسیم اختر کے متعلق تبصرہ / بیان ہتک عزت آرڈیننس2002ء کے سیکشن3(1)کے تحت بہتان آمیز بیان کے زمرے میں آتا ہے۔

نوٹس میں بول ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو اور اینکر پرسن عامر لیاقت سے کہا گیا ہے کہ وہ سات یوم کے اندر عائد کردہ الزامات پر سرعام غیرمشروط طور پر میئر کراچی وسیم اختر سے معافی مانگیں بصورت دیگر ان کے خلاف عدالت میں قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

نوٹس کے مطابق بول ٹی وی کے لائیو شو میں میئر کراچی وسیم اختر پر لگائے گئے الزامات کا مقصد ان کی شہرت کو نقصان پہنچانا اور انہیں بدنام کرنا تھا چنانچہ الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے جھوٹے بیانات کے ذریعے میئر کراچی پر بہتان اور الزام تراشی کی گئی ہے جو سخت قابل اعتراض ہے۔

نوٹس میں کہا گیاہے کہ بول ٹی وی کے لائیو شو میں پیش کئے گئے مندرجات قطعی غلط اور من گھڑت ہیں اور ان میں رتی برابر بھی سچائی نہیںہے اور پیش کئے گئے تبصرے تعصب پر مبنی ہیں۔نوٹس کے مطابق میئر کراچی نے ان جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا سخت نوٹس لیا ہے جن کا مقصد انہیں بدنام اور رسوا کرنے کے سوا کچھ نہیں لہٰذا وہ ان تمام بے بنیاد فرضی ،جھوٹے اور بدنیتی پر مبنی الزاما ت کی مکمل تردید کرتے ہیں۔

نوٹس کے مطابق بول ٹی وی کے لائیو شو میں لگائے گئے الزامات اور تبصرے میں محض سنی سنائی باتوں پر مبنی ہیں جن کا حقیقت سے قطعی کوئی تعلق نہیں اور یہ باتیں مخصوص مفادات رکھنے والے لوگوں کی طرف سے پھیلائی گئی ہیںجبکہ ٹی وی میزبان کے لئے یہ ضروری ہے کہ کسی بھی فرد کے متعلق کوئی بات کہتے ہوئے بہت زیادہ احتیاط سے کام لیں اور اپنے بیان کی مکمل حقیقت اور تمام پہلوئوں سے اس کا جائزہ لئے بغیر اسے نشر نہ کیا جائے۔

بول ٹی وی کے لائیو شو میں لائے گئے الزامات / تبصرے نے میئر کراچی وسیم اختر کی شہرت کو نقصان پہنچانے کا باعث بنا ہے اور اس سے انہیں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور عوام الناس کی نظروں میں ان کی بدنامی ہوئی ہے لہٰذا بول ٹی وی چینل اور اس کے اینکرپرسن اس کی تمام تر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر سے سات یوم کے اندر اپنے بیانات / تبصرے پر معافی مانگیں بصورت دیگر ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :