نا اہل نواز شریف کے سپورٹر اور پروموٹر حکمران مہنگائی کا طوفان لاکر عوام کو گو نواز گو مہم چلانے کی سزا دے رہے ہیں

پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی مذمت

بدھ 1 نومبر 2017 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 نومبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کی زیر صدارت منعقد ہوا ،اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ نا اہل نواز شریف کے سپورٹر اور پروموٹر حکمران مہنگائی کا طوفان لاکر عوام کو گو نواز گو مہم چلانے کی سزا دے رہے ہیں۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام دشمن اضافہ فوری واپس لیا جائے۔اس اضافہ کے باعث اشیائے خورونوش اور آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔عوامی تحریک کے رہنمائوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ پر سوموٹو ایکشن لے ۔

(جاری ہے)

سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں اشرافیہ کی طرف سے اداروں کے خلاف الزام تراشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔

خرم نواز گنڈا پور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتقامی کارروائی نہیں نواز شریف سے ان کی لندن کی جائیدادوں کا سورس آف انکم مانگا گیا جو وہ نہیں دے رہے اور اب شور مچا کر قانون او ر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں۔ ہماری اطلاع کے مطابق احتساب عدالت کو مطلوب نواز شریف کی پیشی کو انتقامی کارروائی کے طور پر پیش کرنے کیلئے میڈیا ٹیمیں بن گئیں۔

نواز شریف کے حق اور احتساب کے اداروں کے خلاف قومی اداروں پی ٹی وی ،پی آئی ڈی اور ڈی جی پی آر کے وسائل اور افرادی قوت استعمال ہو رہی ہے ،مانیٹرنگ جج اسکا نوٹس لیں۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ،اشرافیہ کی حکمت عملی ہے کہ اسحاق ڈا ر کے ریفرنس کا فیصلہ نہ ہونے دیا جائے کیونکہ اس فیصلے سے نواز شریف اور خاندان کے دیگر افراد کے خلاف دائر کرپشن کے ریفرنسز کا گہرا تعلق ہے ۔

اسحاق ڈار نے منی لانڈرنگ کے حوالے سے مرکزی کردار ادا کیا جس کے جملہ ثبوت اور شہادتیں احتساب عدالت کی میز پر پڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار تاجکستان دوشنبے میں غیر اہم کانفرنس میں شرکت کا بہانہ کرکے سرکاری جہاز پر گئے اور پھر پاکستان آنے کی بجائے وہاں سے براستہ سعودی عرب گاڈ فادر کے پاس لندن پہنچ گئے اور دوشنبے سے خالی جہاز واپس بھجوا دیا۔لٹیرے خزانے کو ٹیکے لگانے سے ابھی بھی باز نہیں آ رہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا یہ مطالبہ درست ہے کہ نواز شریف کو گرفتار کیا جائے اور کرپشن ریفرنسز کے حتمی فیصلوں تک انہیں جیل میں رکھا جائے۔