وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹیلی نار پاکستان کے نئے 345 کیمپس کا افتتاح کر دیا

تقریب میں وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمن، ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان وہاب، وزارت آئی ٹی، پی ٹی اے اور ٹیلی نار کے سینئر حکام کی شرکت

بدھ 1 نومبر 2017 21:08

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹیلی نار پاکستان کے نئے 345 کیمپس کا افتتاح ..
اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 نومبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹیلی نار پاکستان کے نئے 345 کیمپس کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن، ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان وہاب، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، پی ٹی اے اور ٹیلی نار کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر نئے کیمپس کی تیاری اور اس کے افتتاح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیلی نار کے نئے دفتر کا قیام آفس کے معیار کی نئی مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ٹیلی نار ملک کی صف اول کی ٹیلی کام کمپنیوں میں شامل ہو چکی ہے، ٹیلی نار کی ملک کیلئے سماجی و اقتصادی خدمات قابل تحسین ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک میں ٹیلی کام انڈسٹری کیلئے سہولیات پر مبنی پالیسیاں نافذ کی ہیں جن کے نتیجہ میں یہ کمپنیاں پھل پھول رہی ہیں اور ان کی مصنوعات اور خدمات کے نتیجہ میں زندگیوں میں تبدیلی آئی ہے۔

وزیراعظم نے ٹیلی نار کے دفتر کی نئی بلڈنگ 345 کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ٹیلی نار کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیراعظم کو پاکستان میں ٹیلی نار کے آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی۔