شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مطلوبہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گی‘ممنون حسین

بدھ 1 نومبر 2017 14:57

شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مطلوبہ اہداف کے حصول تک جاری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2017ء) صدرمملکت ممنون حسین کو عمان، نیدرلینڈز، ماریشیس، فرانس اور ڈنمارک کے نامزد سفیروں نے ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔اس موقع پر سفیروں اور ہائی کمشنرنے صدر ممنون حسین سے علیحدہ علیحدہ ملاقات بھی کی۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان تمام دوست اوربرادرممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی اور انتہاپسندی کو اپنی سرزمین سے ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے اورشرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مطلوبہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گی۔ صدرمملکت نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان کی معیشت مسلسل بہتری اور مثبت رجحانات کی نشاندہی کر رہی ہے اور اس حقیقت کو بین الاقوامی اداروں نے بھی تسلیم کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبارکے لیے بھرپور مواقع اور سازگار ماحول موجود ہے اور غیر ملکی سرمایہ کارمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔صدر ممنون حسین نے سفیروں اور ہائی کمشنر کو پاکستان میں ان کی نئی تعیناتی پر مبارک باد دی اور امیدظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے اپنے ممالک کے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کام کریں گے۔

انھوں نے نئے عہدیداران کے پاکستان میںآرام دہ اور خوشگوار قیام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔سفارتی اسناد پیش کرنے والوں میں شیخ محمد عمر احمد المرہون ،نامزد سفیرِعمان، محترمہ گیرارڈا ایڈریانا کرنیلیا ماریا اسٹوئس برکن ، نامزد سفیر نیدرلینڈ ، رشیدی سووبیدار، ہائی کمشنر نامزدماریشیس، مارک بارٹی، سفیر نامزدفرانس اور رولف ایم ہئے پیریرا ہولمبوئی، ڈنمارک کے نامزد سفیر برائے پاکستان شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :