کویت، پارلیمنٹ میں وزیر سے پوچھ تاچھ پر پوری کابینہ مستعفی

امیرِ کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے اس کو منظور کر لیا ،پارلیمنٹ کی تحلیل کا امکان مسترد

منگل 31 اکتوبر 2017 12:11

کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2017ء) کویت کے وزیر مملکت برائے کابینہ امور شیخ محمد عبداللہ المبارک الصباح نے امیر ِکویت کو کابینہ کا استعفا پیش کردیا ہے اور امیرِ کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے اس کو منظور کر لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کویتی پارلیمان کے اسپیکر مرزوق الغانم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کے استعفے کی توقع کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے پارلیمان کی تحلیل کا امکان مسترد کردیا ہے۔گذشتہ ہفتے پارلیمان کے ایک اجلاس کے دوران دو ارکان ریاض العدسانی اور عبدالقدیر الکندری نے شیخ محمد عبداللہ مبارک سے مختلف امور کے بارے میں سوالات کیے تھے۔اجلاس کے بعد دس ارکان پارلیمان نے وزیر کے دیے گئے جوابات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور انھوں نے ان سے پارلیمان کے آیندہ اجلاس میں اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کیا تھا۔گذشتہ بدھ کو کویتی کابینہ کے ارکان نے وزیراعظم جابر المبارک الحمد الصباح کو اپنے استعفے پیش کردیے تھے۔

متعلقہ عنوان :