جمیعت علماء اسلام (ف) کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی اخلاقی، روحانی اور سیاسی حمایت آخری دم تک جاری رکھے گی،مولانا امیر زمان

جمعہ 27 اکتوبر 2017 17:17

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر برائے پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہا ہے کہ ہم کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پُر امن حل چاہتے ہیں۔ عالمی برادری سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام لے کیونکہ عالمی برادری نے 70 سال پہلے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا تھا اور اب وقت کا تقاضا ہے کہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو ختم ہونا چاہیئے۔

مولانا امیر زمان نے کہا کہ بھارت حکومت کشمیر پر مذاکرات میں مخلص نہیں بلکہ بھارت عالمی برادری کو دھوکا دے رہا ہے اور کشمیر میں طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں کشمیرکے یوم سیاہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کیا ،جس میں جمیعت علماء اسلام (ف) بلوچستان کے ورکرز اور عہدداروں نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا امیر زمان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں سٹیٹ مشینری اور طاقت کا بے جا استعمال کر رہا ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ حکومت بھارت پر دباؤ ڈالے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے۔ مولانا امیر زمان نے جمعیت علماء اسلام (ف) بلوچستان کی طرف سے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :